پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں باڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

ڈیرہ غازیخان ( چوھدری احمد بیوروچیف ڈیلی جستجو ): پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں باڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ کمشنر ملتان عامر کریم تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ سی پی او ملتان، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان صادق علی ڈوگر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین اور ایس ایس پی آپریشن ملتان حیدر علی بھی تقریب میں موجود تھے۔پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق ان اہلکاروں کی بھرتی مکمل طور پر میرٹ پر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورس کو جدید اور معیاری تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ باڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کے جوانوں کا قیامِ امن میں کردار نہایت اہم ہے اور یہ فورسز مشکل حالات میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تربیت مکمل کرنے والے اہلکار پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور دیانت داری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
انہوں نے اہلکاروں کی تربیت میں تعاون پر آئی جی پنجاب اور کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔تقریب میں مہمانوں نے باڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی کے تربیت یافتہ جوانوں کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا.تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں میں اسناد تقسیم کیں اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *