چیئرمین پاکستان تحریک انصاف(chairman pti) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی کے لیے کوششوں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ لاہور میں قیدیوں کے اہلِخانہ اور نورین نیازی سے ملاقات ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی فیملی قابلِ احترام ہے اور وہ کسی عہدے یا سیاسی مفاد کی خواہش نہیں رکھتی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خاندان کو عمران خان کی رہائی کے حوالے سے تشویش ہے اور پارٹی اس سلسلے میں بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ خان نے کبھی کسی عہدے کی خواہش ظاہر نہیں کی اور وہ ہمیشہ اپنے بھائی کے مؤقف کی بات کرتی ہیں۔
انہوں نے بشریٰ بی بی کی صحت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں مکمل صحتیابی تک اسپتال منتقل کیا جائے۔
اپوزیشن سے متعلق گفتگو میں انہوں نے محمود خان اچکزئی کے حوالے سے کہا کہ مردان جلسے میں ان کی عدم شرکت پر ابھی بات نہیں ہوئی، تاہم عمران خان کی ہدایت ہے کہ ان کے فیصلوں کی پیروی کی جائے، اگر کوئی ناراضی ہے تو اسے دور کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 16 اکتوبر کے بعد سے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقاتیں ممکن نہیں ہو رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور عالمی سطح پر عزت کے لیے داخلی تناؤ کا خاتمہ ضروری ہے، بصورت دیگر یہ کشیدگی نفرت میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف واضح مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔