لاہور(اے بی این نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر گلی محلوں اور ممنوعہ مقامات پر جانوروں کی آلائشیں پھینکنے والوں کیلئے 50 ہزار روپے جرمانے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ویڈیو لنک اجلاس میں عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کےفول پروف انتظامات کا جائزہ لیاگیا،اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ باقیات اور آلائشیں غیرمقررہ مقامات پرپھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کیلئےویجلینس اسکواڈ قائم کیےجائیں گے،جبکہ عوام میں شعوراجاگرکرنےکیلئےجامع آگاہی مہم بھی چلائی جائےگی،وزیراعلیٰ نےہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ پرصفائی کیلئےتمام ادارے“ون گورنمنٹ یونٹ” بن کر کام کریں۔
وزیراعلیٰ نےپرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں،ریلوےکالونیز،کنٹونمنٹ ایریاز،کمرشل مارکیٹوں،مرکزی شاہراہوں اورقبرستانوں میں خصوصی صفائی یقینی بنانےکی ہدایت بھی جاری کی۔
بریفنگ میں بتایاگیا کہ پنجاب بھرمیں 2687 نمایاں کمرشل مارکیٹوں، 285 کیٹل مارکیٹوں اور 171 سیل پوائنٹس پر صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
حکام کےمطابق ستھرا پنجاب آپریشن کےتحت 1 لاکھ 76 ہزارسینٹری ورکرز اور 8 ہزار سےزائد عارضی کارکن حصہ لیں گے،جبکہ 40 ہزار سےزائد اضافی گاڑیاں،لوڈررکشے، منی ڈمپر،ٹریکٹرٹرالیاں اورپک اپس استعمال کی جائیں گی،آلائشوں کیلئے 3800 پرائمری کولیکشن سینٹرز اور 7 ہزار ڈمپنگ پوائنٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔
