راولپنڈی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے

عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت‘ ایس پی راول کو ملزمہ کو گرفتار کر کے کل تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم

راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 فروری ۔2026 ) راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے، ایس پی راول کو ملزمہ کو گرفتار کر کے کل تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت ہوئی، جس کے دوران علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے.فیصل ملک نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان کے اکاﺅنٹ، شناختی کارڈ جب تک ڈی فریز نہیں ہوں گے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوں گی اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ ملزمہ عدالت کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتیں، نہ عدالت کو ہائی جیک کر سکتی ہیں.

سرکاری وکیل ظہیر شاہ نے کہا کہ عدالت نے مقدمے کا ٹرائل روز کی بنیاد پر چلانے کے احکامات دیے ہیں، ملزمہ کا شروع دن سے رویہ غیر ذمے دارانہ ہے، ملزمہ پیش ہی نہیں ہو رہیں تو شناختی کارڈ یا بینک اکاﺅنٹ کیسے ڈی فریز کیے جائیں؟.عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ جب تک عدالت میں پیش نہیں ہوں گی بینک اکاﺅنٹ اور شناختی کارڈ بلاک رہیں گے اے ٹی سی نے علیمہ خان کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہان بھی عدالت میں موجود تھے.              

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *