گھارو: شہر کے وسطی بازار میں بڑی چوری، زرعی دکان سے تین لاکھ روپے نقد اور سی سی ٹی وی سسٹم غائب

ٹھٹہ بیروچیف ایم اعجازچانڈیو مھرانوی

گھارو شہر کے وسطی بازار میں چوری کی بڑی واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم چوروں نے شبیر حاجی صدیق ایگریکلچر کی دکان کے تالے کاٹ کر تقریباً تین لاکھ روپے نقد رقم چوری کر لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ واردات کے دوران چور دکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے اور ریکارڈنگ ڈیوائس بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
تفصیلات کے مطابق دکاندار شبیر حاجی صدیق نے بتایا کہ چور دکان کے برابر میں واقع ایک بند جگہ کی چھت پر بچھائی گئی چادریں ہٹا کر اندر داخل ہوئے اور وہاں سے ان کی دکان تک رسائی حاصل کر کے تالے کاٹ دیے۔ چوروں نے نہایت منصوبہ بندی کے ساتھ واردات انجام دی اور نقد رقم کے ساتھ ساتھ نگرانی کا نظام بھی ختم کر دیا تاکہ شناخت نہ ہو سکے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی گھارو پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے ابتدائی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق آس پاس کے علاقوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے جبکہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واردات میں پیشہ ور چور ملوث ہیں۔
شہریوں اور دکانداروں نے بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس گشت میں اضافے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
گھارو پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *