نارتھ ناظم آباد میں غیر قانونی بورنگ کے ذریعے پانی فروخت کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب

کراچی (نمائندہ خصوصی شمس تبریزی)
کراچی میں پانی چوری کے خلاف جاری مہم کے دوران ایک اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں غیر قانونی آر او پلانٹ کے ذریعے سب سوائل پانی کی چوری پکڑی گئی، یہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سب سوائل مینجمنٹ ٹیم اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی پولیس ٹیم نے انجام دی، جس میں غیر قانونی سب سوائل نیٹ ورک کے ذریعے پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر ایکشن لیا گیا،واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے ڈی-71، بلاک بی میں غیر قانونی بورنگ کے ذریعے آر او پلانٹ چلانے کی اطلاع موصول ہوئی ،اس اطلاع پر سب سوائل مینجمنٹ ٹیم اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران زیر زمین پانی کو چوری کرکے غیر قانونی طریقے سے آر او پلانٹ کے ذریعے فروخت جاری تھی ،جسے مکمل طور پر سیل کردیا گیااور دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کےخلاف واٹر کارپوریشن ایکٹ واٹر کارپوریشن تھانے میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے،اس غیر قانونی نیٹ ورک کا مرکزی ملزم روپوش ہے ، تاہم واٹر کارپوریشن پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔ واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا تھا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں شہر بھر میں پانی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ ایسے عناصر جو شہریوں کے حق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں، ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو ان کے حصے کا پانی منصفانہ اور شفاف انداز میں فراہم کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *