خیبرپختونخوا حکومت کا یوم یکجہتی کشمیر پر عام تعطیل کا اعلان

تمام سرکاری و نیم سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں گے، نوٹیفکیشن
خیبرپختونخوا حکومت نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنرل کے جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 5 فروری کو صوبہ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ۔ صوبے بھر میں مظلوم کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے حوالے سے پروگرامات بھی منعقد ہونگے۔

خیبرپختونخوا حکومت کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام سرکاری دفاتر، خودمختار اور نیم خودمختار ادارے، سرکاری کارپوریشنز اور تمام سرکاری و نیم سرکاری تعلیمی ادارے مذکورہ تاریخ کو بند رہیں گے۔

قبل ازیں وفاقی حکومت نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے تعطیل کے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ملک بھر میں 5 فروری 2026 کو یومِ کشمیر کے موقع پر عام تعطیل ہوگی۔

یومِ کشمیر ہر سال پاکستان میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے منایا جاتا ہے، اس دن ملک بھر میں خصوصی تقاریب، سیمینارز، ریلیاں اور دعائیہ اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *