بے روزگار افراد کے لیے بڑی خوشخبری، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایک ہزار نئی بھرتیوں کی منظوری دے دی۔

پنجاب حکومت نے محکمہ کرائم کنٹرول میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ایک ہزار نئی آسامیوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا قیام مارچ 2025 میں کیا گیا تھا جس کے لیے کل 7 ہزار 486 اہلکاروں کی منظوری دی گئی تھی تاہم اس وقت صرف 3 ہزار 904 افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جب کہ 3 ہزار 582 نشستیں خالی ہیں۔

حکام کے مطابق پنجاب پولیس کے جوانوں کے نئے قائم ہونے والے ادارے میں تبادلے کی وجہ سے بھی عملے کی کمی پیدا ہوئی جس کے پیش نظر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے نئی بھرتیوں کی تجویز دی تھی جس کی اب صوبائی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔

پروجیکٹ کے تحت سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، انسپکٹر، سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل، ڈرائیور کانسٹیبل اور کانسٹیبل سمیت مختلف آسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔

حکومت نے ان بھرتیوں اور انتظامی اخراجات کے لیے مالی سال 2025-2026 کے ضمنی بجٹ میں 491 ملین روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی بھرتیوں سے نہ صرف محکمے کی کارکردگی بہتر ہو گی بلکہ جرائم کی روک تھام میں بھی موثر پیش رفت ہو سکے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *