تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے قریب بمباری، سفیر اور عملہ محفوظ

کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستانی سفارتی عملہ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے اور حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، رپورٹ

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 27 مارچ2026ء) ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستانی سفارتخانے اور سفیر کی رہائشگاہ کے قریب شدید بمباری کی اطلاعات سامنے آئی ہیں تاہم تمام پاکستانی سفارتی عملہ محفوظ رہا ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق بمباری کا سلسلہ رات تقریباً 8بجے شروع ہوا، جس کے دوران سفارتخانے کے اطراف میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کے سامنے ایرانی فوج کا مرکز ارتش واقع ہے جو ممکنہ طور پر حملے کا ہدف تھا۔

بتایا گیا کہ پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو تہران میں پاسداران کے زیر انتظام علاقے میں مقیم ہیں، جہاں بھی بمباری کی گئی۔ تاہم خوش قسمتی سے سفارتخانے یا سفیر کی رہائشگاہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ذرائع کے مطابق سفیر مدثر ٹیپو تقریبا بیس رکنی سفارتی عملے کے ہمراہ معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ایک سینئر سفارتکار نے بتایا کہ دھماکوں کی آوازیں انتہائی شدید تھیں جس سے عملہ پریشان ضرور ہوا، لیکن تمام اہلکار محفوظ ہیں۔سفارتی ذرائع کے مطابق موجودہ کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستانی سفارتی عملہ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے اور حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *