ٹھٹہ ڈسٹرکٹ رپوٹر ایم اعجاز چانڈیو مھرانوی
گھارو اور دھاٻیجی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد سنگین مقدمات ٹریس کر کے اہم کامیابیاں حاصل کر لی ہیں۔ ان کارروائیوں کی تفصیلات ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر وحید لاڑک نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ گھارو تھانے میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتائیں۔
ایس ایس پی ٹھٹھہ کی ہدایت پر جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے بلائنڈ مرڈر کیس ٹریس آؤٹ کرتے ہوئے قتل میں ملوث دو مرکزی ملزمان، باپ بیٹا اکرام ولد علیم الدین آرائیں اور دانش ولد اکرام آرائیں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی کرولا کار، ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گرفتار ملزمان نے دو ہفتے قبل دھاٻیجی تھانے کی حدود میں واقع نیول کالونی میں انیس عرف محسن ولد محمد حنیف عثمانی کو قتل کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں دھاٻیجی پولیس نے مزید کارروائیاں کرتے ہوئے بچل ملاح، رمضان ملاح اور گل خان ولد اکرم شاہ کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
دوسری جانب گھارو تھانے کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اسد ولد عباس سومرو، ذیشان ولد اشرف خاصخیلی اور منظر چانڈیو ولد غلام نبی چانڈیو کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے بائیک اسنیچنگ گینگز کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے چار چھینی گئی موٹر سائیکلیں، ایک جنریٹر، دو پستول اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی دیگر موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔
ایس ایس پی ٹھٹھہ نے پولیس ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران و اہلکاروں کے لیے شاباش اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پولیس افسران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
گھارو اور دھاٻیجی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد سنگین مقدمات ٹریس کر کے اہم کامیابیاں حاصل کر لی ہیں