انجمن غلامانِ قلندر ویلفیئر پاکستان کی جانب سے نئے سال کا آغاز محفلِ ہدیۂ کثرتِ درودِ پاک سے کیا گیا

عمرکوٹ سندھ (بیوروچیف زیب بنگلانی)

انجمن غلامانِ قلندر ویلفیئر پاکستان کی جانب سے نئے سال کا آغاز محفلِ ہدیۂ کثرتِ درودِ پاک سے کیا گیا۔ کوٹ غلام محمد قائم خانی میرج ہال کوٹ غلام محمد (جیمس آباد) میں “سکونِ قلب” کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس روحانی و اصلاحی پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انجمن کے سربراہ سید غلام حیدر شاہ قلندری نے کہا کہ حق کو پہچاننے کی بصیرت اور باطل کے مقابلے کی ہمت پیدا کرنا ہر باشعور انسان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ سائیں نے کہا کہ قرآنِ پاک کی سورۃ الشرح مشکلات، آزمائشوں اور ذہنی دباؤ کے مواقع پر صبر، حوصلے اور یقین کا درس دیتی ہے اور یہ واضح کرتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ذمہ داری کے ساتھ وسعتِ قلب، ہمت اور اپنی مدد بھی عطا فرماتا ہے۔
انهوں نے مزید کہا کہ زندگی کی تکالیف عارضی ہوتی ہیں، جبکہ اللہ کی مدد ہمیشہ انسان کے ساتھ رہتی ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ مایوسی کے بجائے امید، سستی کے بجائے محنت اور غفلت کے بجائے بیداری کو اختیار کریں۔
پروگرام کے اختتام پر کروڑوں درودِ پاک اور ختمِ قرآن کے نذرانے پیش کیے گئے اور ملکِ پاکستان سمیت عالمِ اسلام کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *