شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ،صائم کٹر نے ڈی سی سی ڈھولیال کو چیمپئن بنا دیا
ایک اوور میں میچ کا پانسہ پلٹ گیا،صائم کٹر فائنل مین آف دی میچ
راولپنڈی () چونترہ سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے ینگ باؤلر صائم کٹر نے بڑے ٹیپ بال ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بیسٹ باؤلر آف دی ٹورنامنٹ اور فائنل مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ ایونٹ میں ملک بھر سے اوپن ٹیپ بال پلیئرز نے حصہ لیا، تاہم صائم کٹر اپنی مسلسل عمدہ باؤلنگ کے باعث نمایاں رہے۔ انہوں نے پہلے میچ سے لے کر فائنل تک ہر مرحلے پر اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل میں بھی نہایت مؤثر اوورز کروا کر حریف بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔ فائنل میچ میں ابتدا میں ایک اوور میں 20 رنز بننے کے بعد جب صائم کٹر باؤلنگ کے لیے آئے تو میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔ انہوں نے ایک ہی اوور میں خطرناک بیٹرز خرم، سرمد حمید اور توصیف گولی کو آؤٹ کر کے صرف 3 رنز دیے، جس سے میچ یکطرفہ ہو گیا۔ ان کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت ٹیم ڈی سی سی ڈھولیال نے فائنل جیت کر چیمپئن ٹرافی اپنے نام کی۔ شائقین کرکٹ اور مقامی حلقوں نے صائم کٹر کی کارکردگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔