سیالکوٹ میں عظیم الشان “پیغامِ حسینؓ کانفرنس” 23 جون کو منعقد ہوگی علامہ تنویر الحسن مصطفائی

سیالکوٹ(قاری خواجہ صاحب)ادارہ المصطفےٰ انٹرنیشنل سیالکوٹ کے امیر حضرت علامہ مولانا تنویر الحسن مصطفائی نے بتایا ہے کہ ادارہ المصطفےٰ انٹرنیشنل سیالکوٹ کے زیرِ انتظام 7 محرم الحرام بروز منگل، 23 جون بعد از نمازِ مغرب وینس میرج ہال سیالکوٹ میں ایک عظیم الشان اور فقید المثال “پیغامِ حسینؓ کانفرنس” کا انعقاد کیا جائے گا۔کانفرنس میں حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں، ان کے پیغامِ حق، صبر، استقامت، ایثار اور امتِ مسلمہ کے لیے ان کی لازوال خدمات پر روشنی ڈالی جائے گی۔ اس موقع پر ملک بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، مذہبی و سماجی شخصیات اور عوام الناس کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔کانفرنس کے مہمانِ خصوصی اور مرکزی مقرر عالمی مبلغِ اسلام، ترجمانِ حقیقت، سفیرِ امن، حضرت علامہ مولانا پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی صاحب، امیرِ اعلیٰ ادارہ المصطفےٰ انٹرنیشنل خصوصی خطاب فرمائیں گے۔ وہ واقعہِ کربلا کے مختلف پہلوؤں اور حضرت امام حسینؓ کے آفاقی پیغام پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔
منتظمین کے مطابق کانفرنس کا مقصد نوجوان نسل کو سیرتِ امام حسینؓ سے روشناس کرانا، اتحادِ امت، محبت، رواداری اور امن کے فروغ کے لیے شعور بیدار کرنا ہے۔ ادارہ المصطفےٰ انٹرنیشنل نے اہلِ سیالکوٹ اور گردونواح کے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس روحانی و فکری اجتماع میں شرکت کرکے پیغامِ کربلا سے رہنمائی حاصل کریں۔اللہ تعالیٰ اس کانفرنس کو امتِ مسلمہ کے لیے خیر و برکت اور اتحاد و اتفاق کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *