عمرکوٹ سندھ (بیوروچیف: زیب بنگلانی)
خاصخیلی چوک، عمرکوٹ میں حضرت امیرالمؤمنین، شیرِ خدا، مولا علیؑ علیه السلام کی باسعادت ولادت کے موقع پر شاندار اور پروقار جشن منعقد کیا گیا، جس میں سنی، شیعہ اور دیگر مکاتبِ فکر و مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جشن کے دوران فضا نعرۂ حیدری “یا علیؑ، علی علیؑ” کے نعروں سے گونج اُٹھی۔
جشنِ ولادت کے موقع پر عزادارانِ حسین نوجوان خاصخیلی برادران کی جانب سے آتش بازی کا انتظام کیا گیا، جس کے باعث علاقے میں خوشی اور روحانی مسرت کی فضا قائم ہو گئی۔
اس موقع پر نامور ذاکرِ اہلِ بیت سید حسن رضا زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے بڑے بڑے شہروں میں لوگ نئے سال کی آمد کا جشن منا رہے ہیں، مگر ہم سب سے زیادہ خوش نصیب ہیں کہ ہم نئے سال کی شروعات مشکل کشا حضرت مولا علیؑ کی ولادت سے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولا علیؑ کی فضیلت، علم، بہادری، دانائی اور تقویٰ ایسی صفات ہیں جو کسی اور کو نصیب نہیں ہوئیں۔ مولا علیؑ واحد ہستی ہیں جن کی ولادت خانۂ کعبہ میں ہوئی، جس کے دروازے خاص طور پر کھولے گئے۔ یہ کوئی عام واقعہ نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عظیم نصرت اور امتیاز ہے۔
سید حسن رضا زیدی نے مزید کہا کہ آج دنیا شدید مشکلات کا شکار ہے کیونکہ ہم حق کو پہچاننے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ اگر ہم مولا علیؑ کے کردار، عدل اور حق پسندی کو سمجھ لیتے تو آج امت اس حالت میں نہ پہنچتی۔ حق کی پہچان کے لیے کربلا کو سمجھنا اور مولا علیؑ کی ولایت کو اپنانا ضروری ہے۔
اس موقع پر علامہ ارشاد علی عرفانی نے بھی خطاب کیا، جبکہ کراچی سے آئے ہوئے معروف قصیدہ و نعت خواں اسد عباس، اقبال فقیر اور دیگر ذاکروں و شاعروں نے قصائد اور منقبتیں پیش کیں۔ مقررین نے کہا کہ جشنِ ولادتِ مولا علیؑ کے موقع پر سندھ میں بارش ہونا اس بات کی علامت ہے کہ قدرت بھی اس خوشی میں شامل ہے۔
بعد ازاں ایک عظیم الشان کیک کاٹا گیا، جس میں علامہ ارشاد عرفانی، سید حسن رضا زیدی، رسول بخش رحیمداںی، ملیر خاصخیلی، اسد علی بھرگڑی، سالار حیدر سموں، عزادارانِ حسین نوجوان خاصخیلی برادران، سید عباس علی شاہ، سید تنویر علی شاہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
آخر میں ملک پاکستان کی سلامتی، پاکستان فوج کی کامیابی، قوم کے اتحاد و امن اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے خلاف خصوصی دعائیں کی گئیں، دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور شرکاء میں لنگر و نیاز تقسیم کی گئی۔ جشن کے اختتام تک فضا نعرۂ حیدری “یا علیؑ، مولا علیؑ زندہ باد، اہلِ بیتؑ زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔
خاصخیلی چوک، عمرکوٹ میں حضرت امیرالمؤمنین، شیرِ خدا، مولا علیؑ علیه السلام کی باسعادت ولادت کے موقع پر شاندار اور پروقار جشن منعقد کیا گیا