افغان طالبان رجیم کے پاس چوائس ہےکہ وہ پاکستان اوردہشتگردوں میں کسی ایک کا انتخاب کرلیں، ہماری چوائس بڑی پاکستان کی سکیورٹی اور عوام کا تحفظ ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی میڈیا بریفنگ
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 27 فروری 2026ء ) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آپریشن غضب للحق جاری ہے اور ہم مطلوبہ نتائج حاصل کررہے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے افغان طالبان رجیم کیخلاف کے آپریشن غضب للحق کی تازہ صورتحال پر میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ واضح کر تا ہوں کہ کوئی شک میں نہ رہے، ہمارے کتنے ہی سیاسی اختلافات کیوں نہ ہوں، دہشتگردی کیخلاف پوری قوم متحد ہے، تمام سیاسی جماعتیں اور سیاسی قیادت بڑی واضح ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی اور سہولتکاری کو کوئی جگہ نہیں دی جاسکتی، اس کی ایک تاریخ ہے نیشنل ایکشن پلان 2014 میں تمام سیاسی جماعتوں نے بنایا تھا، آج 2026 تک بارہ سال کا سفر مکمل کیا گیا ہے، تمام سیاسی جماعتیں چاہے وہ سینٹر، رائٹ لیفٹ کی ہوں ، حکومت میں یا حکومت سے باہر ہوں، سب نیشنل ایکشن پلان کو فالو کرتی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سویلین لیڈرشپ اوروزیراعظم کی ہدایت پر آپریشن غضب للحق کامیابی سے جاری ہے اور ہم مطلوبہ نتائج حاصل کررہے ہیں، افغان طالبا ن رجیم کے پاس چوائس ہے کہ وہ پاکستان اور دہشتگردوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرلیں، ہماری چوائس بڑی واضح ہے ، ہماری چوائس اول اور آخر پاکستان اور پاکستان کی سکیورٹی ، عوام کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ مزید برآں ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آپریشن غضب للحق میں 274 طالبان رجیم کے اہلکار اور خوارج ہلاک، جبکہ 400 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ فتنہ الخوارج کے ساتھ لڑتے ہوئے ہمارے 12 جوان شہید ہوئے ہیں۔ پاک افغان صورتحال پر اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 21 اور 22 فروری کی شب پاکستانی افواج نے بارڈر کے قریب فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، افغان طالبان رجیم نے اسے بنیاد بنا کل کر سوکالڈ ایکشن کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ طالبان رجیم کی جانب سے پاک افغان بارڈر پر 15 سیکٹرز میں 53 مقامات پر فائرنگ کی گئی، تمام 53 مقامات پر حملوں کو پسپا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایسا بھرپور جواب دیا کہ دنیا نے دیکھا، تمام53 مقامات پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فضائی کارروائیوں میں افغانستان کے مختلف علاقوں کوٹارگٹ کیاگیا، اہداف میں کسی بھی سویلین کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ کہا جارہا ہے افغانستان میں سویلین انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایاگیا، افغان میڈیا اور سوشل میڈیا کا جھوٹ کل سے سن رہے ہیں، دہشتگردوں کی پوسٹوں اور گن پوزیشنز کو نشانہ بنایاگیا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ افغان طالبان اور دہشتگردوں نے مل کرپاکستان پرحملہ کیا، کلمہ طیبہ کی وجہ سے افغان پرچم احترام سے اتارا گیا۔