پیٹرول بحران کا خدشہ، سپلائی بند اور قیمتوں میں اضافہ متوقع

تہران (اے بی این نیوز) امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران میں حساس مقامات پر حملے کے بعد پاسداران انقلاب نے بڑا اعلان کر دیا جس سے دنیا بھر میں تیل کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب نے بحری جہازوں کو ریڈیو پیغامات کے ذریعے خبردار کیا کہ کسی بھی جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس کی تصدیق یورپی یونین کے میری ٹائم مشن کے ایک اہلکار نے بھی کی۔ انہوں نے رائٹرز کو بتایا کہ سمندر میں بحری جہازوں کو آبی گزرگاہ کی بندش کے بارے میں پیغامات موصول ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین شپنگ لین میں سے ایک ہے جو خلیج فارس کو خلیج عمان اور بحیرہ عرب سے ملاتی ہے۔ اس راستے سے دنیا بھر میں تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کے تقریباً 20 فیصد خام تیل کی ترسیل اسی راستے سے ہوتی ہے جبکہ عالمی ایل این جی کی تجارت کا تقریباً پانچواں حصہ بھی اسی آبی گزرگاہ سے گزرتا ہے۔

متحدہ عرب امارات، کویت، عراق، سعودی عرب اور ایران کا تیل بنیادی طور پر اسی راستے سے عالمی منڈیوں تک پہنچتا ہے جبکہ قطر بھی اپنی ایل این جی کا زیادہ تر حصہ اسی راستے سے برآمد کرتا ہے۔

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز طویل عرصے تک بند رہا تو عالمی سطح پر تیل اور گیس کی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے اور پیٹرول کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔

اس کے علاوہ، کچھ بڑی تیل کمپنیوں اور تجارتی اداروں نے پہلے ہی اس راستے سے تیل کی ترسیل کو روکنے یا محدود کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *