ابوظہبی (اوصاف نیوز)مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کےپیش نظر انگلینڈکرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے برطانوی حکومت سے رابطہ کیا ہے،جس کے بعد ابو ظہبی میں شیڈول پاکستان شاہینز اور انگلینڈ لائنز کے درمیان ون ڈے میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سیکیورٹی ان کی اولین ترجیح ہے اور موجودہ حالات میں کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔
ابوظبی میں انگلینڈ ویمنزکرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ بھی ملتوی کردیا گیا،دبئی کےعلاقے پام جمیرہ ریزورٹ میں حالیہ حملوں کی اطلاعات کےبعد سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا، جس کے باعث میچ کی منسوخی کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان شاہینز اور انگلینڈ لائنز کے درمیان ون ڈے مقابلہ ابوظہبی میں کھیلا جانا تھا،انگلینڈ ٹیم شیڈول کے مطابق ٹی ٹونٹی ٹیم بھارت میں سیمی فائنل کے لئے روانہ ہوگی۔