ڈیرہ غازی خان (چوہدری احمد سے)
یارو کھوسہ، کوٹ مبارک اور پل شیخانی کے علاقوں میں پھل اور فروٹ من مانی قیمتوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں جبکہ سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخ مکمل طور پر نظر انداز کر دیے گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹوں میں دکاندار اپنی مرضی کے ریٹ وصول کر رہے ہیں اور کسی قسم کا چیک اینڈ بیلنس نظر نہیں آتا۔
عوامی حلقوں کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور متعلقہ عملہ آج تک ان علاقوں میں چیکنگ کے لیے نہیں پہنچا، جس کی وجہ سے دکانداروں کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عام آدمی شدید پریشانی کا شکار ہے۔
دوسری جانب رمضان المبارک میں سموسے اور پکوڑوں کی تیاری اور فروخت میں بھی حفظانِ صحت کے اصولوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ متعدد دکاندار مبینہ طور پر غیر معیاری اور دو نمبر مصالحہ جات استعمال کر رہے ہیں جبکہ گھی، بیسن اور آٹے میں بھی ملاوٹ کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ غیر معیاری اشیاء کے استعمال سے شہریوں کی صحت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کو متحرک کیا جائے تاکہ مہنگائی اور ملاوٹ کے خلاف کارروائی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔