9 مارچ سے تمام وارڈنز نئی وردی میں ڈیوٹی دیں گے، ون ایپ اور جدید گاڑیوں کی فراہمی سے ٹریفک نظام مزید مؤثر بنانے کا عزم
لاہور (محمد منصور ممتاز سے)
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے جدید پولیسنگ وژن کے تحت سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے نئے یونیفارم کی باقاعدہ تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے نیا یونیفارم پہن کر اس کا افتتاح کر دیا۔ تقریب میں دیگر سینئر افسران نے بھی ٹریفک وارڈنز کے ہمراہ نئی وردی زیبِ تن کی۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے اس موقع پر بتایا کہ سٹی ٹریفک پولیس لاہور کا تمام عملہ 9 مارچ بروز پیر سے لاہور کی شاہراہوں پر نئے یونیفارم کے ساتھ فرائض کی انجام دہی کا آغاز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید طرز اور منفرد انداز سے تیار کردہ یونیفارم وارڈنز کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس سے شہریوں کے سامنے ایک خوشگوار اور عوام دوست تاثر بھی اجاگر ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ گرمیوں کے موسم میں ٹریفک وارڈنز نیوی بلیو پینٹ، سفید شرٹ اور ریفلیکٹو جیکٹ استعمال کریں گے جبکہ سردیوں میں نیوی بلیو جرسی پہنیں گے۔ اسی طرح لائسنسنگ سینٹرز اور دفاتر میں تعینات مرد و خواتین عملہ نیوی بلیو پینٹ، کوٹ، ٹائی، سفید شرٹ اور پی کیپ کے ساتھ فرائض سرانجام دے گا۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق نئے یونیفارم کے رنگ، بیجز اور ڈیزائن کو بین الاقوامی پولیسنگ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ٹریفک فورس میں نئے جذبے اور پیشہ ورانہ وقار کو فروغ دینا ہے تاکہ شہری پولیس کو اپنا محافظ اور مددگار سمجھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نئے یونیفارم کے ساتھ ٹریفک پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ گاڑیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ملٹی آپشنز پر مشتمل “ون ایپ” کا بھی باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے ٹریفک وارڈنز ایک ہی کلک پر مختلف آپریشنل سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے متعدد کارروائیاں فوری طور پر انجام دے سکیں گے۔
ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق اس ایپ کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس اور شناختی کارڈ کی تصدیق، ای چالان، کرائم ریکارڈ، چوری شدہ گاڑیوں کا ڈیٹا، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ سمیت اہم معلومات ایک کلک پر اسکرین پر دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ آج خواتین کا عالمی دن دنیا بھر میں احترام اور وقار کے جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور اسی دن نئے یونیفارم کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا عزم ہے کہ خواتین سمیت ہر شہری کے ساتھ عزت، احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔