پیٹرول کے حوالے سے اہم خبر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ آج پیٹرول کے تین بحری جہاز پاکستان پہنچنے کی توقع ہے، جس سے سپلائی میں بہتری آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اہم ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے باعث پیدا ہونے والے توانائی بحران اور ایندھن کی بچت کے ہنگامی اقدامات پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزراء نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اگر مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہی تو عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہے۔

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا کہ اس صورتحال میں پاکستان کا ماہانہ تیل درآمدی بل 600 ملین ڈالر تک بڑھ سکتا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبے تیار کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ قطر کے “فورس میجر” علان کے باعث ایل این جی کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس کے پیشِ نظر سعودی عرب، عمان اور متحدہ عرب امارات (UAE) سے متبادل سپلائی کے لیے رابطے جاری ہیں اور آبنائے ہرمز کے علاوہ دیگر متبادل راستوں سے تیل کی ترسیل یقینی بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

وفاقی حکومت نے بتایا کہ کل تک پیٹرول کے تین بحری جہاز پاکستان پہنچنے کی توقع ہے، جس سے سپلائی میں بہتری آئے گی۔

کراچی سمیت ملک بھر میں پیٹرول پمپس پر ذخیرہ اندوزی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس پر قابو پانے کے لیے وفاق اور صوبوں نے ایندھن کے ذخائر کی نگرانی کے لیے ایک مشترکہ ڈیش بورڈ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں ہنگامی بچت کی تجاویز پیش کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے بھی ایندھن کی بچت کو ناگزیر قرار دیا تاکہ موجودہ ذخائر زیادہ دیر تک چل سکیں۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے یہ اہم اعلان بھی کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے آئی ایم ایف سے پیٹرولیم لیوی میں ریلیف کی درخواست کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *