اسلام آباد ( نیوز ڈیسک)حکومت کی جانب سے تنخواہ دار افراد کے لیے انکم ٹیکس ریلیف کا منصوبہ سامنے آگیا انکم ٹیکس کی شرح کو 5 فیصد کم کر کے 30 فیصد تک لایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امیر افراد اور کارپوریٹ سیکٹر پر عائد سپر ٹیکس ختم کرنے اور تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس میں 5 فیصد کمی کی تجویز کی اصولی منظوری دے دی ہے، جس کے لیے آئی ایم ایف سے اجازت حاصل کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں آئندہ ہفتے آئی ایم ایف کے سامنے پیش کی جانے والی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
حکومت کا منصوبہ ہے کہ زیادہ آمدنی والے تنخواہ دار افراد کے لیے زیادہ سے زیادہ انکم ٹیکس کی شرح کو 5 فیصد کم کر کے 30 فیصد تک لایا جائے اور متعلقہ آمدنی کی حد (سلیب) میں بھی اضافہ کیا جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت امیر افراد اور کمپنیوں پر عائد سپر ٹیکس ختم کرنے کی تجویز بھی آئی ایم ایف کے سامنے رکھے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان تجاویز کو نجی شعبے کے ماہرین کے ساتھ مزید بہتر بنایا جائے تاکہ انہیں آئی ایم ایف کے سامنے پیش کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ٹیکسوں میں تقریباً 1.5 سے 1.8 کھرب روپے تک کمی پر غور کر رہی ہے، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے اتنی بڑی مالی گنجائش فراہم کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔