تھران: ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے درمیان آبنائے ہرمز میں ہندوستان جانے والے تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے جسے بعض ماہرین ایران کی جانب سے ممکنہ ردعمل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تھائی لینڈ کے مال بردار جہاز مایوری ناری کو آبنائے ہرمز کے اہم سمندری گزرگاہ میں پراجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا۔ یہ جہاز سامان لے کر بھارتی شہر گجرات جا رہا تھا۔
اطلاعات کے مطابق حملے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی اور اس کے انجن روم کو شدید نقصان پہنچا تاہم عملے کے متعدد ارکان کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ واقعہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران بھارت تعلقات میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کو ظاہر کرتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران بھارت کی اس پالیسی سے ناراض ہے جس میں وہ بیک وقت ایران کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے کا دعویٰ کرتا ہے جبکہ عملی طور پر اسے اسرائیل کے قریب سمجھا جاتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اپنے کچھ حالیہ اقدامات کو اپنے خلاف بھارتی صف بندی کا حصہ سمجھ رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارت کے لیے جانے والے تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے کو ایک مضبوط پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔