سبسڈی عارضی ہے

(ویب ڈیسک)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پیٹرولیم مصنوعات پر مزید ممکنہ سبسڈی پر تحفظات کا اظہار کردیا، حکومت نے تیل کی عالمی قیمتوں کے مطابق ایڈجسٹمنٹ کی یقین دہانی کرا دی۔

حکام وزارت خزانہ نے عالمی مالیاتی ادارے کو بتایا کہ پیٹرول پر موجودہ سبسڈی عارضی ہے، حکومت نے تیل کی عالمی قیمتوں کے مطابق ایڈجسٹمنٹ کی یقین دہانی کرا دی۔ قرض معاہدے کے تحت پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل جاری رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول پر سبسڈی صرف مخصوص غریب طبقے تک محدود رکھی جائے،آئی ایم ایف کے موقف کے مطابق اگر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر طویل عرصے تک سبسڈی کا سلسلہ جاری رکھا تو اس سے ملکی معیشت مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔

عالمی ادارے نے تجویز دی ہے کہ حکومت پیٹرول سستا کرنے کے بجائے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت فراہم کیے جانے والے اعزازیہ میں 5000 روپے کا اضافہ کرے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے مطالبات کی روشنی میں اب جنوری 2027 سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو 19 ہزار 500 روپے فراہم کیے جائیں گے،وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کو بی آئی ایس پی کے فنڈز اور اعزازیہ میں اضافے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے بعد فی الحال کھاد اور زرعی ادویات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) عائد کرنے کا معاملہ بھی مؤخر کر دیا ہے۔ حکومت کا ماننا ہے کہ براہِ راست نقد امداد کے ذریعے غریب طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بہتر طور پر بچایا جا سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *