تعلیمی اداروں کے حوالے سے حکومت کا نیا نوٹیفکیشن

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نجی تعلیمی اداروں کے ٹائمنگ سسٹم میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے جہاں پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی نے ہفتے میں تین چھٹیوں کا نیا شیڈول نافذ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت دارالحکومت کے تمام نجی اسکولوں اور کالجوں میں تدریسی سرگرمیاں اب صرف پیر سے جمعرات تک محدود رہیں گی۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق تعلیمی اداروں میں آن کیمپس ٹیچنگ چار روز تک جاری رہے گی جبکہ باقی دنوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ یہ قدم کفایت شعاری مہم کے ایک حصے کے طور پر اٹھایا گیا ہے جس کا مقصد ایندھن اور بجلی کی کھپت کو کم کرنا ہے تاکہ وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے بھی تعلیمی شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے آن لائن تدریس کے حوالے سے نیا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں طلباء کی ہفتے میں چار دن جسمانی حاضری ہو گی جبکہ آن لائن کلاسز جمعہ کو ہوں گی۔

حکام کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر کیا جائے گا، جس کا مقصد تعلیمی عمل کو جاری رکھتے ہوئے توانائی کے استعمال میں توازن پیدا کرنا ہے۔

دریں اثناء بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے 6 اپریل سے تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق مڈ سمسٹر کے امتحانات 13 اپریل سے شروع ہوں گے جب کہ جمعہ کو ادارے میں تدریسی اور انتظامی امور معمول کے مطابق چلائے جائیں گے۔

ماہرین تعلیم کے مطابق حالیہ فیصلے ملک میں بدلتے ہوئے معاشی اور توانائی کے حالات کے تناظر میں کیے جا رہے ہیں جن کا مقصد تعلیمی نظام کو متاثر کیے بغیر وسائل کے موثر اور متوازن استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *