سندھ حکومت اور عالمی بینک کے تعاون سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ

کراچی(نمائندہ خصوصی شمس تبریزی)
سندھ حکومت اور عالمی بینک کے تعاون سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ (KWSSIP) کے تحت شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم اور بڑا ترقیاتی اقدام شروع کر دیا گیا ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی مرکزی لائن نمبر 5 کو موجودہ واٹر نیٹ ورک سے منسلک کرنے (انٹرکنکشن) کا باقاعدہ کام شروع کر دیا گیا ہے، یہ عمل آج 25 اپریل بروز ہفتہ دوپہر 1 بجے شروع کیا گیا، جس کا مقصد شہر کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر اور مستحکم بنانا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت نہ صرف نئی لائن کو موجودہ نظام سے جوڑا جا رہا ہے بلکہ جدید والوز کی تنصیب کا عمل بھی جاری ہے تاکہ پانی کے دباؤ اور ترسیل کو زیادہ مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے۔ کام کے دوران دھابیجی فورتھ فیز، کے ٹو اور کے تھری سے پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی، واضح رہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مجموعی طور پر 21 پمپس میں سے صرف 9 پمپس کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے، تاہم دھابیجی کے دیگر پمپس سمیت حب پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد کراچی کے پانی کی ترسیل کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کو زیادہ بہتر، مستحکم اور مؤثر پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ ترجمان نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ کام پانی کا محتاط اور کفایتی استعمال یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *