جیکب آباد (رپورٹ: اے جی بلوچ)
رہبر کبیر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃاللہ علیہ کے فرمان پر آج عالمی یوم القدس کے موقع پر جیکب آباد میں مرکزی امام بارگاہ سے ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی قائد اعظم روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب جیکب آباد پہنچی جہاں مختلف مذہبی و سماجی رہنماؤں نے خطاب کیا۔
ریلی سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت اور صوبائی آرگنائزر مقصود علی ڈومکی، ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ کے صوبائی صدر سید غلام شبیر نقوی، ایم ڈبلیو ایم کے سینئر رہنما سید کامران علی شاہ بخاری، ضلعی صدر نظیر حسین جعفری، جعفریہ الائنس لاڑکانہ ڈویژن کے صدر زوار وزیر علی مشہدی اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے ضلعی صدر عاشق حسین پٹھان، ، آئی ایس او کے صدر اظہار الحسن، وحدت یوتھ ونگ لاڑکانہ ڈویژن کے صدر اللہ بخش میرالی، مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، نثار احمد ابڑو، استاد خادم حسین برڑو، مہران سوشل فورم کے چیئرمین ایڈوکیٹ عبدالحئی سومرو، کلاتھ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری میر گل حسن ٹالانی اور ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی رہنما خواہر نرجس بتول نے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ یوم القدس اللہ کا دن، رسول اکرم ﷺ کا دن اور دین اسلام کی عزت و سربلندی کا دن ہے۔ آج پوری دنیا کے غیرت مند مسلمان غاصب اور ناجائز ریاست اسرائیل کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جسے صفحۂ ہستی سے مٹ جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل پوری دنیا میں دہشت گردی کی جڑ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیطان بزرگ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران پر کیا جانے والا حملہ دراصل پوری امت مسلمہ پر حملہ ہے۔ انہوں نے ایران کے بہادر عوام اور حسینی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کربلائی عزم و استقامت کے ساتھ امریکہ اور اسرائیل کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں اور ان شاء اللہ باطل قوتوں کو شکست ہوگی۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ ہم رہبر معظم انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ تجدید عہد کرتے ہوئے یہ پیغام دیتے ہیں کہ پوری دنیا کے حسینی ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ ایران بڑی بہادری کے ساتھ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے جبکہ بعض عرب حکمران بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔
نظیر حسین جعفری نے مطالبہ کیا کہ عرب حکمران اپنی سرزمین امریکہ اور اسرائیل کے حوالے کرنے سے باز رہیں اور امت مسلمہ کے مفادات کا تحفظ کریں۔
سید کامران علی شاہ بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایرانی قوم اور اس کی بہادر افواج کی مزاحمت نے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
وزیر علی مشہدی نے کہا کہ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ایران فاتح ہو کر امریکہ اور اسرائیل کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کرے گا۔
ریلی کے شرکاء نے فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور عالم اسلام سے اپیل کی کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں متحد ہوں۔