جمیعت علمائے اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کی قیادت میں جےیوآئی وفد کی ملاقات

کراچی(نمائندہ خصوصی شمس تبریزی)
سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان سے جمیعت علمائے اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کی قیادت میں جےیوآئی وفد کی ملاقات۔ شہر بھر میں فراہمی اور نکاسی آب کے مسائل پر تبادلہ خیال۔ قاری محمد عثمان نے واٹر کارپوریشن حکام کو شہر بھر کی مساجد سمیت سائٹ ٹاؤن، ماڑی پور ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن ، لانڈھی ملیر، کورنگی شہر کے بیشتر علاقوں میں درپیش فراہمی و نکاسی آب کے مختلف مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ ایک طرف بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کا جینا دوبھر کیا ہے تو دوسری طرف مساجد میں پانی کی قلت سے اذیت دوہری ہوگئی ہے۔ سی او او واٹر کارپوریشن نے رہنما جے یو آئی قاری محمد عثمان کو تمام شکایات کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے پابند کیا کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے کہا کہ حب کینال منصوبے میں حب پمپنگ اسٹیشن رائزنگ مین اور حب فلٹر پلانٹ کو 80 سے 100 ایم جی ڈی تک اپگریڈ کیا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ میئر کراچی کی ہدایات پر شہر کی بہتری کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا شہر کو موجودہ وقت یومیہ 1200 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے لیکن اس کے برعکس واٹر کارپوریشن کے سسٹم میں موجودہ وقت صرف یومیہ 650 ملین گیلن پانی دستیاب ہے جو پورے شہر میں منصفانہ تقسیم کیا جا رہا ہے جبکہ واٹر کارپوریشن شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے کیونکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ملاقات کے دوران رہنما جے یو آئی نے واٹر کارپوریشن حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ واٹر کارپوریشن موجودہ وقت میں ضرورت سے کم پانی ہونے کے باوجود شہر میں منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات اٹھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واٹر کارپوریشن عوام کو سرکاری ہائیڈرنٹس کے ذریعے جنرل پبلک سروس کے تحت رعایتی نرخوں پر پانی فراہم کرتا ہے جو مختلف مساجد مدارس امام بارگاہوں، ہسپتالوں سکولوں اور عوامی ٹینکوں میں فراہم کیا جاتا ہے جس میں رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ملاقات کے دوران سید اکبر شاہ ہاشمی، قاضی امین الحق آزاد، سید عبدالسلام شاہ، حاجی عزیزالرحمن عزیز، مولانا عثمان بلوچ، مولانا محبوب الرحمن سميت واٹر کارپوریشن کے چیف انجینیئر ویسٹ غلام محمد حب، چیف انجینئر آفتاب عالم چانڈیو چیف انجینیئر ڈبلیو ٹی ایم مصطفی منگن سپریڈنٹ انجینیئر تنویر شیخ ودیگر موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *