جیکب آباد (نامه نگار)
مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت جامعہ المصطفی خاتم النبیین جیکب آباد میں ماہِ محرم الحرام کے انتظامات، امن و امان کی صورتحال اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں علمائے کرام، بانیانِ مجالس، متولیانِ امام بارگاہ، تنظیمی ذمہ داران اور معززینِ شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس میں خصوصاً جیکب آباد اور گردونواح میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ، بار بار ٹرپنگ، لٹکتے ہوئے بجلی کے تاروں اور واپڈا کی ناقص کارکردگی پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے علمائے کرام کے ہمراہ ایک خصوصی ویڈیو پیغام بھی جاری کیا۔
اپنے خطاب میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جیکب آباد اس وقت ایشیا کے گرم ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں شدید گرمی کے باوجود 18 سے 20 گھنٹے تک بجلی کی بندش اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مسلسل بندش نے شہریوں، تاجروں، طلبہ، مریضوں اور عزاداروں کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہِ محرم الحرام کی آمد کے ساتھ عزاداری کے اجتماعات، مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ واپڈا کی جانب سے ضروری حفاظتی اقدامات اور مناسب انتظامات نہیں کیے جا رہے۔ ماضی میں بھی بجلی کے لٹکتے ہوئے تاروں اور متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث کئی افسوسناک حادثات رونما ہو چکے ہیں جن میں عزادار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے حکومت سندھ، ضلعی انتظامیہ، سیپکو اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے، جبکہ جلوسوں اور مجالس کے راستوں میں موجود خطرناک اور لٹکتے ہوئے بجلی کے تاروں کو فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر واپڈا اور متعلقہ اداروں نے عوامی مسائل اور عزاداروں کے تحفظ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو مجلس وحدت مسلمین عوام، علمائے کرام، بانیانِ مجالس اور عزاداروں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا حق محفوظ رکھتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری واپڈا پر عائد ہوگی۔
اجلاس میں شریک علمائے کرام اور بانیانِ مجالس نے بھی محرم الحرام کے انتظامات، سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، بجلی کی فراہمی اور دیگر عوامی مسائل کے فوری حل پر زور دیا۔
جاری کردہ: میڈیا سیل
مجلس وحدت مسلمین پاکستان، صوبہ سندھ
تاریخ: 11 جون 2026
