ٹھٹہ شہر کے قریب عیدگاہ روڈ پر پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ

ٹھٹہ بيروچيف ايم اعجازچانڈیو مھرانوی
ٹھٹہ شہر کے قریب عیدگاہ روڈ پر پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق گشت کے دوران عیدگاہ روڈ کے علاقے میں مشتبہ موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دیگر ملزمان فرار ہو گئے۔
زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت ٹھٹہ کے رہائشی مولابخش عرف لاسی ملاح کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم مختلف علاقوں میں ڈکیتی، لوٹ مار اور چوری کی سنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور اس کے خلاف پہلے بھی شکایات اور مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جسے تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس کی جانب سے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ علاقہ مکینوں نے پولیس کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *