جیکب آباد سے اے جی بلوچ کی خبر شامل کرتے هیں جهاں پر عام انسان تحریک کی جانب سے سندھ میں جاری قبائلی تنازعات کے خلاف ایک پُرامن ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے “ہمیں امن چاہیے” اور “قبائلی تنازعات ختم کرو” کے نعرے لگائے۔
ریلی کی قیادت عام انسان تحریک کے مرکزی رہنماؤں سید علی شاہ, الطاف میرانی، مجیب کوسو، ندیم جوئیو، رئیس غلام مرتضیٰ میرانی، عیان بلوچ، عثمان جوئیو، سید ناصر شاہ اور دیگر نے کی۔ ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی شہر کے مرکزی علاقوں تک پہنچی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ سندھ صدیوں سے امن، محبت اور بھائی چارے کی دھرتی رہا ہے، جسے قبائلی تنازعات کی آگ میں جھونکنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی جھگڑوں کے باعث معصوم انسانی جانیں ضایع ہو رہی ہیں جبکہ عام شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ رہنماؤں نے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سماج کی ذمہ دار قوتوں سے مطالبہ کیا کہ قبائلی تنازعات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں اور امن کو یقینی بنایا جائے۔
ریلی پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوئی، جبکہ شرکاء نے سندھ میں امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔