واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)ایران کے سابق جلا وطن ولی عہد اور اسلامی جمہوریہ کے نمایاں مخالف رضا پہلوی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران واپس آنے کی تیاری کر رہے ہیں اور ’قومی انقلاب کی فتح‘ کے موقع پر ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہونا چاہتے ہیں۔
رضا پہلوی نے مظاہرین کے نام ویڈیو پیغام میں گزشتہ 2 راتوں کے دوران ایران بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو سراہا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ شہروں کے مرکزی علاقوں پر قبضہ کرنے اور انہیں اپنے کنٹرول میں رکھنے کی تیاری کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر صرف سڑکوں پر نکلنا کافی نہیں بلکہ مختلف راستوں سے منظم انداز میں شہر کے مرکزی علاقوں کی جانب پیش قدمی ضروری ہے۔ ایرانی مظاہرین کی جرات اور استقامت نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ان کی اپیل پر جمعرات اور جمعہ کی رات ایران کے مختلف شہروں میں بڑی تعداد میں افراد سڑکوں پر نکلے اور اسلامی جمہوریہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
انہوں نے جمعہ کی شب ہونے والے مظاہروں کو ایران کے سپریم لیڈر کی دھمکیوں کا ’دندان شکن جواب‘ قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ مظاہروں کے مناظر دیکھ کر قیادت ہل کر رہ گئی ہے۔
ایرانی حکام کی جانب سے رضا پہلوی کے بیانات پر تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔