گهارو: نامکمل بھنبھور لائبریری کے جنگل میں ایک بار پھر آگ لگ گئی، قریبی گھروں کو نقصان سے بچالیا گیا

ٹھٹھہ بیروچف ایم اعجازچانڈیو مھرانوی
گهارو شہر کی وسطی آبادی میں واقع نامکمل بھنبھور لائبریری کے احاطے میں اُگے ہوئے جنگل میں ایک بار پھر شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث قریبی رہائشی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ آگ لگنے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے فوراً بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، تاہم تیز ہوا اور گھاس پھوس کی کثرت کے باعث آگ مزید پھیلتی چلی گئی۔ صورتِ حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے گهارو ٹاؤن کے چیئرمین جام احسان جوکھیو نے فوری طور پر ایف ڈبلیو او کی فائر بریگیڈ گاڑی طلب کی، جس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور ایک بڑے نقصان سے علاقے کو بچا لیا۔
واقعے کے بعد محلے والوں کی شکایت پر پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے، جس سے تفتیش جاری ہے کہ آیا آگ جان بوجھ کر لگائی گئی یا یہ غفلت کا نتیجہ تھی۔
واضح رہے کہ بھنبھور لائبریری کئی سالوں سے نامکمل پڑی ہے، جس کے باعث اس کے احاطے میں جنگل اُگ آیا ہے اور آئے روز آگ لگنے کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ وہ بارہا متعلقہ حکام کو اپیل کرتے آ رہے ہیں، لیکن تاحال لائبریری کی تعمیر مکمل نہیں کی جا سکی۔
علاقہ مکینوں نے ایم پی اے حاجی علی حسن زرداری اور چیئرمین گهارو ٹاؤن سے مطالبہ کیا ہے کہ بھنبھور لائبریری کا تعمیراتی کام فوری طور پر مکمل کروایا جائے اور احاطے میں موجود جنگل کو صاف کیا جائے، تاکہ قریبی آبادی کو کسی بڑے جانی و مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔
علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں کسی بڑے سانحے کا خدشہ رد نہیں کیا جا سکتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *