پی پی اے کی نئی منتخب قیادت کی حلف برداری، 38 سالہ انتخابی غلبہ ختم؛ڈاکٹر شبیر احمد

وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے پی پی اے کی نئی کابینہ سے حلف لیا

لاہور (محمد منصور ممتاز سے)

پاکستان فارما سیسٹس ایسوسی ایشن (پی پی اے) کی نئی منتخب شدہ مرکزی کابینہ کی حلف برداری کی باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے بطور مہمانِ خصوصی نئی کابینہ سے حلف لیا۔ تقریب میں ملک بھر سے پی پی اے کے منتخب نمائندوں نے شرکت کی۔
پی پی اے کے انتخابات، جو 5 دسمبر 2025 کو منعقد ہوئے، کو تاریخی حیثیت حاصل ہو گئی ہے، کیونکہ ان انتخابات کے نتیجے میں گزشتہ 38 سال سے جاری ایک مخصوص گروپ کا انتخابی غلبہ ختم ہو گیا۔ ان انتخابات میں پہلی مرتبہ پروفیشنل فارما سیسٹس گروپ، وائس آف فارما سیسٹس اور رائزنگ فارما سیسٹس کے درمیان حقیقی تین طرفہ مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
سابق پریس سیکریٹری پاکستان فارما سیسٹس ایسوسی ایشن پنجاب ڈاکٹر شبیر احمد نے کہا ہے کہ موجودہ انتخابات کے نتائج سے 38 سالہ ایک گروپ کا غلبہ مکمل طور پر ختم کیا گیا، جو پی پی اے کی جمہوری تاریخ میں ایک اہم اور فیصلہ کن موڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات پی پی اے کی تاریخ کے سب سے زیادہ متحرک، شفاف اور پیشہ ورانہ طور پر مشغول انتخابات ثابت ہوئے ہیں، جن میں فارما سیسٹس نے بھرپور انداز میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔
انتخابی نتائج کے مطابق پروفیشنل فارما سیسٹس گروپ نے پی پی اے سینٹر اور مختلف صوبوں میں 14 نشستیں حاصل کر کے سب سے بڑا گروپ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ وائس آف فارما سیسٹس نے پی پی اے سینٹر میں 10 نشستیں حاصل کیں اور رائزنگ فارما سیسٹس کے ساتھ اتحاد کے ذریعے مرکزی کابینہ میں شمولیت اختیار کی۔ رائزنگ فارما سیسٹس نے اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تمام نشستیں حاصل کیں۔
مرکزی سطح پر راؤ عالمگیر کو صدر اور پروفیسر ڈاکٹر فرقان ہاشمی کو جنرل سیکریٹری پی پی اے سینٹر منتخب کیا گیا، جب کہ پنجاب میں پروفیسر ڈاکٹر عاطف رضا صدر اور عمیر اکرم ڈار جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔
وائس آف فارما سیسٹس اور رائزنگ فارما سیسٹس کے اتحاد کے تحت وائس پریذیڈنٹس کے طور پر شفا خان بنگش (اسلام آباد)، عبدالعلیم اعوان (خیبر پختونخوا) اور عصمت اللہ آغا (بلوچستان) منتخب ہوئے۔ مرکزی ایگزیکٹو ممبران میں ڈاکٹر عبدالوحید، عطا محمد نقرار، نعیم خیر بلوچ اور تاج محمد متھانی شامل ہیں، جب کہ خواتین ایگزیکٹو ممبران میں مس آسمہ منظور، مس عظمیٰ یاسمین اور مس زاہدہ اشراق شامل ہیں۔
مرکزی کابینہ میں پروفیشنل فارما سیسٹس گروپ اور وائس آف فارما سیسٹس / رائزنگ فارما سیسٹس اتحاد کے درمیان نشستوں کا تناسب 14:10 رہا، جو پی پی اے کی نئی سیاسی و تنظیمی سمت کی واضح عکاسی کرتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *