پیرا فورس کی مبینہ کرپشن بے نقاب ہونے پر کے ٹو ٹی وی کے کرائم رپورٹر شبیر مغل کے ساتھ ہاتھاپائی، غیر قانونی حراست اور اغواء جیسے سنگین واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق تھانہ ویسٹریج کی حدود میں پیرا فورس کے دو اہلکار مبینہ طور پر بھتہ وصولی میں ملوث پائے گئے، جن میں ایک اہلکار سول کپڑوں میں ملبوس ہو کر خود کو فوڈ انسپکٹر ظاہر کرتا رہا۔ جب اصل فوڈ انسپکٹر سے بات کرانے کا مطالبہ کیا گیا تو جعلی انسپکٹر نے اپنا تعلق پیرا فورس سے ظاہر کر دیا۔
کے ٹو ٹی وی کے کرائم رپورٹر شبیر مغل نے ذمہ دار صحافی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے فوری طور پر ون فائیو پر کال کر کے پولیس کو حقائق سے آگاہ کیا، مگر اس کے باوجود پیرا فورس کے اہلکاروں نے قانون کو ہاتھ میں لیتے ہوئے تھانہ ویسٹریج سے شبیر مغل کو زبردستی اٹھا کر پیرا کی بلڈنگ منتقل کر دیا، جو صریحاً اغواء اور اختیارات سے تجاوز کے زمرے میں آتا ہے۔
یہ واقعہ نہ صرف آزادیٔ صحافت پر کھلا حملہ ہے بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ صحافیوں کو حقائق سامنے لانے کی سزا دینا ناقابلِ قبول اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔