ٹھٹہ ڈسٹرکٹ رپورٹر ایم اعجاز چانڈیو مہرانوی سے
صادق سنز زرعی سیڈ کمپنی کی جانب سے غلام اللہ میں اسلم خواجہ زرعی فارم ہاؤس پر کیارا ٹماٹو کی ورائٹی کے حوالے سے ایک اہم زرعی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں علاقے کے آبادگاروں، ہاریوں اور ڈیلرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس سیمینار میں کمپنی کے سی ای او میاں محمد عثمان، جنرل منیجر رؤف احمد اور ایریا زونل منیجر محمد شریف رند نے شرکت کی اور کاشتکاروں کو کیارا اور چیکو ٹماٹو کی بہترین کارکردگی سمیت دیگر سبزیوں کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
اس موقع پر شرکاء کو عملی طور پر کیارا ٹماٹو کی فصل کا وزٹ بھی کروایا گیا، جہاں فصل کی شاندار اوسط پیداوار، مضبوط شیلف لائف اور موسمی تبدیلیوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سیمینار کے دوران کمپنی کی دیگر ہائبرڈ اقسام جیسے روشنی، سرسبز بھنڈی، کیارا ٹماٹو، چیکو ٹماٹو، ونڈر ہارٹ مرچ اور دیگر سبزیوں کے بیجوں سے متعلق بھی معلومات فراہم کی گئیں۔
آخر میں آبادگاروں اور ڈیلرز نے صادق سنز کمپنی کے کیارا ٹماٹو سمیت دیگر ہائبرڈ بیجوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کمپنی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
دوسری جانب سیمینار میں شریک آبادگاروں اور ہاریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے غلام اللہ، ساکرو اور بروسر کالونی میں پانی کی شدید قلت کے باعث لاکھوں روپے مالیت کی تیار فصلیں، جن میں ٹماٹر اور دیگر سبزیاں شامل ہیں، سوکھنے کا شکار ہو چکی ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا کہ غلام اللہ اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی قلت فوری طور پر ختم کی جائے تاکہ آبادگار طبقہ مزید مالی نقصان سے بچ سکے۔
غلام اللہ میں زمینداروں اور ہاریوں کو زرعی معلومات کی فراہمی کے لیےصادق سنز زرعی سیمینار منعقد