لاڑ سندہ کی عظیم دینی شخصیت علامہ مفتی عبدالرحمان میمن ٹھٹوی انتقال کر گئے

شام 4 بجے جامع مسجد مکلی میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی
ٹھٹہ (ڈسٹرکٹ رپورٹ: ایم اعجاز چانڈیو مہرانوی)
لاڑ سمیت پورے سندھ کے مذہبی اور علمی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم ہوگئی ہے۔ معروف دینی عالم، نامور خطیبِ اہلِ سنت، مدرسہ عثمانیہ ٹھٹہ کے بانی اور شیخُ الحدیث حضرت علامہ مفتی عبدالرحمان میمن (ٹھٹوی) اس دارِ فانی سے کوچ کر کے اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کے انتقال کو دینی دنیا کا ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
مرحوم نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ آپ قرآن و حدیث کی تدریس، تبلیغِ دین، اصلاحِ معاشرہ اور اہلِ سنت کے مسلک کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے۔ آپ کی علمی بصیرت، مدلل خطابت اور پُراثر اندازِ بیان نے ہزاروں افراد کو متاثر کیا۔
علامہ مفتی عبدالرحمان میمن مدرسہ عثمانیہ ٹھٹہ کے بانی تھے، جو لاڑ کے اہم دینی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ ملک کے مختلف شہروں اور بیرونِ ملک مساجد و مدارس میں دینی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جو ان کی علمی کاوشوں کا زندہ ثبوت ہے۔
ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی ٹھٹہ، مکلی، سجاول، بدین اور دیگر علاقوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف دینی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی و تعلیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج شام 4:00 بجے جامع مسجد مکلی میں ادا کی گئی۔ عقیدتمندوں، شاگردوں اور اہلِ سنت جماعت سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ربِ کریم مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے، ان کی دینی خدمات کو قبول فرمائے اور لواحقین، شاگردوں اور عقیدتمندوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *