


ناصر چوہدری سیالکوٹ
ریسکیو 1122 سیالکوٹ کے مطابق بتاریخ 12 فروری 2026 تحصیل ڈسکہ میں دو مختلف ہنگامی واقعات پیش آئے جن پر ریسکیو ٹیموں نے فوری اور مؤثر کارروائی کی۔
پہلا واقعہ
تحصیل ڈسکہ کے نواحی گاؤں لڑھکی میں ایک گھر کی کچی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی اور متعدد افراد چھت پر موجود تھے۔ زیادہ بوجھ پڑنے کے باعث کچی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی۔
حادثے کے نتیجے میں 18 سالہ مشال اور 40 سالہ نسرین زخمی ہو گئیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسرا واقعہ
ڈسکہ کے علاقے چوک شہیداں مین بازار میں واقع سٹی گارمنٹس کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو کی دو فائر وہیکلز نے آپریشن میں حصہ لیا اور تقریباً ایک گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ تنگ عمارت اور دھویں کے پھیلاؤ کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔
دکان کے مالک کے مطابق آتشزدگی کے باعث تقریباً 3 لاکھ روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا، تاہم ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے 4 لاکھ روپے مالیت کا سامان، ملحقہ عمارتیں اور پورا بازار بڑے نقصان سے محفوظ رہا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ دکان کی بالائی منزل میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے دوران کمزور تعمیرات پر زیادہ بوجھ ڈالنے سے گریز کریں اور بجلی کے نظام کی بروقت جانچ کو یقینی بنائیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔