عمرکوٹ سندھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر زیب بنگلانی) سماجی تنظیم کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا کی جانب سے، ضلعی انتظامیہ اور ڈپارٹمنٹ آف ایمپاومینٹ آف پرسنز وِد ڈس ایبیلیٹیز کے تعاون سے ایک نجی گیسٹ ہاؤس میں ثقافتی دن اور خصوصی افراد کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر نوید الرحمن لاڑک نے خصوصی مہمان کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نے کہا کہ ثقافت کا دن امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے سماجی تنظیم کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا کی جانب سے شاندار تقریب منعقد کرنے پر اُنہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ خصوصی اسکول کے بچوں کو ثقافتی دن کی خوشیوں میں شامل ہونے کا موقع ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے صحت مند پروگرام منعقد کرنے سے ہی معاشرے میں پیدا ہونے والے منفی رجحانات کو روکا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر ضلعی افسر سیکنڈری اسکولز میر حسن آریسر نے کہا کہ اسکولوں اور کمیونٹی سطح پر صحت مند پروگرام منعقد کیے جائیں جن کا مقصد صحت اور تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہو، جب کہ معاشرے میں بڑھتی سماجی برائیوں کی روک تھام کے لیے تدریسی پروگرام بھی منعقد ہونے چاہئیں۔ پرنسپل اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ریھیبلیٹیشن سینٹر پیر راحیل شاھ کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیاء کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ھمیشہ ہمارے سینٹر کی مدد کی ہے، انہوں نے کہا کہ عمرکوٹ ضلعی میں مختلف این جی اوز کام کر رہی ہیں لیکن خاص طور پر ہماری اسکول کے طلباء میڈم کرن بشیر کو دیکھ کر پہچان جاتے ہیں۔کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا کی ڈسٹرکٹ منیجر، میڈم کرن بشیر نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد وطنِ عزیز میں سندھ کی ثقافتی وراثت، روایات اور شناخت کو فروغ دینا ہے، اور ساتھ ہی خصوصی اسکول کے بچوں کو اپنی ثقافت سے روشناس کرانا اور انہیں فعال انداز میں تقریب میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا صحت اور تعلیم کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ آخر میں، پروگرام میں حصہ لینے والے اسکولوں کے بچوں، خصوصی بچوں اور بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں محکمہ صحت، تعلیم، اطلاعات، اسپیشل ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ کے افسران سمیت سماجی تنظیموں کے نمائندوں، اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سماجی تنظیم کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا کی جانب سے، ثقافتی دن اور خصوصی افراد کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا