ڈیرہ غازی خان بیوروچیف چوھدری احمد ڈیلی جستجو سے )
تھانہ صدر ڈی جی خان: کروڑوں روپے کے جوئے پر انتظامیہ خاموش، سنڈھوں کی لڑائی کا کھلا دنگل۔
تھانہ صدر ڈی جی خان کے حدود میں قانون اور انتظامیہ کے ادعاؤں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے سنڈھوں (بھینسوں) کی لڑائی کا ایک بڑا غیر قانونی دنگل سجایا گیا، جس میں مبینہ طور پر تقریباً 6 کروڑ روپے سے زائد کا سٹا (جوا) کھیلا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس غیر قانونی مقابلے اور جوئے کی شروعات اور انعقاد سے متعلق متعلقہ انتظامیہ اور پولیس کو چند روز قبل ہی سے مسلسل اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔ اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے وقت پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منتظمین نے کھلے عام اس میلے اور جوئے کا انعقاد کیا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دنگل کے مقام پر سینکڑوں کی تعداد میں لوگ جمع ہیں اور موٹر سائیکلوں کا نام نہاد ‘سیلاب’ موجود ہے، جبکہ کھلے میدان میں سنڈھوں کے درمیان خونی اور خطرناک لڑائی کرائی جا رہی ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اتنی بڑی سطح پر غیر قانونی جوئے اور حیوانات پر تشدد کے اس کھیل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام، بالخصوص ڈی پی او ڈی جی خان اور آر پی او سے مطالبہ کیا ہے کہ غفلت برتنے والے انتظامی و پولیس اہلکاروں اور اس جوئے کے مرکزی کرداروں کے خلاف سخت قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
