جیکب آباد مسائلستان بن چکا ہے، شہری مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی، سماجی، قوم پرست اور مذہبی جماعتیں مشترکہ جدوجہد کریں: علامہ مقصود علی ڈومکی

20 نومبر کو جیکب آباد کے شہری مسائل کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنماؤں کو شرکت کی دعوت

جیکب آباد (رپورٹ: اے جی بلوچ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے 20 نومبر کو جیکب آباد کے شہری مسائل کے حوالے سے منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے شہر کی مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

اس سلسلے میں انہوں نے مہران سوشل فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ عبدالحئی سومرو، درگاہ حاجن شاہ کے سجادہ نشین اور انجمن سپاہ علی اکبر کے صدر سید احسان علی شاہ بخاری اور تاج ویلفیئر کے چیئرمین احمد خان رند سے ملاقات کی اور انہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر مجلس علمائے مکتب اہل بیت ضلع جیکب آباد کے صدر علامہ حاجی سیف علی ڈومکی اور راجہ سید ریاض علی شاہ بھی موجود تھے۔

ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جیکب آباد مسائلستان بن چکا ہے۔ شہر کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی، سماجی، قوم پرست اور مذہبی جماعتوں کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ عوامی مسائل کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پورے شہر کا مشترکہ مسئلہ ہیں، جن کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیکب آباد کے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے یونیورسٹی کی ضرورت ہے۔ تقریباً 15 لاکھ آبادی پر مشتمل ضلع جیکب آباد یونیورسٹی جیسی بنیادی تعلیمی سہولت سے محروم ہے، جس کے باعث بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ جیکب آباد میں یونیورسٹی کا قیام نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ سول اسپتال جیکب آباد کے لیے کروڑوں روپے کا بجٹ مختص ہونے کے باوجود عام شہریوں کو علاج معالجے کی معیاری و مناسب سہولیات اور دوائیں میسر نہیں۔ اسی طرح کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن اور کاروبارِ زندگی مفلوج کر دیا ہے۔ ان مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

اس موقع پر مہران سوشل فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ عبدالحئی سومرو نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد کے بنیادی مسائل میں امن و امان کی بحالی، صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور یونیورسٹی کا قیام سرفہرست ہیں۔ ان مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

تاج ویلفیئر کے چیئرمین احمد خان رند نے کہا کہ جیکب آباد کے عوامی پارکس تباہ حالی کا شکار ہیں۔ شہید مرتضیٰ بھٹو پارک اور شہید اللہ بخش سومرو پارک مکمل طور پر اجڑ چکے ہیں، جبکہ شہید بے نظیر بھٹو پارک کی صورتحال بھی ناگفتہ بہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارکس کی بحالی، شجرکاری کے فروغ اور شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہییں۔ شہریوں میں بھی شجرکاری کی ترغیب پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

درگاہ حاجن شاہ کے سجادہ نشین اور انجمن سپاہ علی اکبر کے صدر سید احسان علی شاہ بخاری نے شہری مسائل کے حل کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس پلیٹ فارم سے عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔

ملاقات کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جیکب آباد کے شہری مسائل کو اجاگر کرنے، متعلقہ حکام تک عوامی آواز پہنچانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام سیاسی، سماجی، قوم پرست اور مذہبی جماعتوں کو مل کر آواز بلند کرنا ہوگی۔ 20 نومبر کو منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *