اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے تریخ کونڑ نالے میں سونے کے ذرات کی موجودگی کی اطلاعات کے بعد بڑی تعداد میں مقامی لوگ وہاں پہنچ گئے ہیں اور سونا تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق کچھ افراد سونے کے ذرات نکالنے کے لیے خطرناک کیمیکل مرکری استعمال کر رہے ہیں، جس کے باعث تحصیل کانی گرم میں نالے کا پانی آلودہ ہو چکا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مرکری نہ صرف ماحول بلکہ انسانی صحت کے لیے بھی انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس خبر کے پھیلنے کے بعد نالے پر غیر معمولی ہجوم دیکھنے میں آ رہا ہے، اور لوگ روزانہ کی بنیاد پر سونا تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ کے مطابق علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ ماحولیاتی نقصان کو روکا جا سکے۔