دارالعلوم جامعہ صدیقیہ حنفیہ رضویہ یارو کھوسہ میں حضرت علامہ مولانا محمد ابراہیم جیانیؒ کے سالانہ عرس پاک کی پروقار اور ایمان افروز محفل کا انعقاد کیا گیا،

ڈیرہ غازی خان بیوروچیف احمد راجپوت ) دارالعلوم جامعہ صدیقیہ حنفیہ رضویہ یارو کھوسہ میں حضرت علامہ مولانا محمد ابراہیم جیانیؒ کے سالانہ عرس پاک کی پروقار اور ایمان افروز محفل کا انعقاد کیا گیا،

خصوصی خطاب حضرت مولانا محمد حسین سلطانی نے کیا

محفل میں جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مندوں، علمائے کرام اور مقامی عمائدین نے شرکت کی۔

​عرس پاک کی یہ مبارک محفل بانی و مہتمم جامعہ حضرت علامہ مولانا غلام مصطفیٰ نعیمی (دامت برکاتہم العالیہ) کی زیرِ سرپرستی اور میزبانی میں منعقد ہوئی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قاری عبدالشکور اور دیگر ثناء خوانوں نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے خوبصورت نعتیں پیش کیں۔

​محفل سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی، خطیبِ ایشیاء و یورپ علامہ محمد حسین سلطانی نے شانِ مصطفیٰ ﷺ، فضائلِ درود شریف اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانیوں اور ان کی عظمت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فضائلِ درود کی افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ درود و سلام دلوں کا سکون اور دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے صاحبِ عرس حضرت حافظ محمد ابراہیمؒ کی دینی و علمی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت اور مخلوقِ خدا کی ہدایت کے لیے وقف کر رکھی تھی، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

​اپنے خطاب کے دوران علامہ محمد حسین سلطانی نے ملک کی موجودہ صورتحال اور معاشی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکمران طبقے کی طرف سے عوام پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کے بوجھ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “آج مہنگائی کے طوفان سے غریب عوام انتہائی پریشان اور پسماندہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔” انہوں نے پرزور مطالبہ کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حکمرانوں کو توفیق دے کہ وہ غریب عوام کو ریلیف اور بنیادی سہولیات مہیا کریں اور مہنگائی کو فوری طور پر کنٹرول کریں۔

​محفلِ عرس میں معزز مہمانانِ گرامی حافظ غلام رسول، عبدالغفور خان عیسانی، مولانا محمد شریف رضوی، سید محمد عمران شاہ، خادمِ مسجد محمد رمضان، اور چوہدری احمد سمیت کثیر تعداد میں مقامی شخصیات نے شرکت کی۔

​روح پرور تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امن و امان، امتِ مسلمہ کی سربلندی اور بالخصوص حضرت مولانا محمد ابراہیم جیانیؒ و دیگر مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے رقت آمیز اور خصوصی دعا کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *