حج 2027ء کیلئے رجسٹریشن کے آغاز کا اعلان

وزارتِ مذہبی امور نے رجسٹریشن مکمل طور پر مفت قرار دے دی، ابتدائی مرحلے میں پاسپورٹ کی شرط ختم

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2026ء) وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027ء کے مقدس سفر کے لیے رجسٹریشن کے آغاز کا شیڈول جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2027ء کے لیے عازمین کی رجسٹریشن کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد سعودی حکومت کی نئی ہدایات اور ضوابط کے عین مطابق عازمین کو آسان اور شفاف سہولیات فراہم کرنا ہے۔ سرکاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ حج کے خواہشمند افراد کل بروز پیر 22 جون 2026ء سے اپنی آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے، عازمین کو وزارتِ مذہبی امور کی آفیشل ویب سائٹ (www.hajj.mora.gov.pk) پر جا کر سب سے پہلے اپنا یوزر اکاؤنٹ بنانا ہوگا، اکاؤنٹ بنانے کے بعد عازمین اپنی اور اپنے گروپ کی مکمل تفصیلات درج کر کے رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں گے۔ حکام نے خصوصی ہدایت کی ہے کہ یہ رجسٹریشن صرف فیملی پر مشتمل گروپس کی صورت میں ہی کی جائے، رجسٹریشن کے اس ابتدائی مرحلے پر عازمین کے لیے پاسپورٹ ہونا لازمی نہیں ہے، پاسپورٹ نہ ہونے کی صورت میں بھی رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے، تاہم حج بلنگ کے اگلے مرحلے پر پاسپورٹ فراہم کرنا سو فیصد لازمی ہوگا اور اس کے بغیر کوئی بھی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ عازمین کے پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 16 نومبر 2027ء تک ہونا لازمی ہے، اس سے کم میعاد والا پاسپورٹ قابلِ قبول نہیں ہوگا، اس بار حج کوٹے کی تقسیم کا نظام پہلے سے مختلف ہوگا، صرف وہی افراد حج 2027ء کی کوٹہ الاٹمنٹ میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے جنہوں نے اس مرحلے پر اپنی رجسٹریشن کرائی ہوگی، رجسٹرڈ عازمین کو ہی بعد میں یہ اختیار دیا جائے گا کہ وہ سرکاری حج اسکیم کا حصہ بننا چاہتے ہیں یا پرائیویٹ حج اسکیم میں شامل ہوں۔ معلوم ہوا ہے کہ رجسٹریشن کا یہ یکساں طریقہ کار بیرونِ ملک مقیم پاکستانی عازمین پر بھی پوری طرح لاگو ہوگا، حج پالیسی کے تحت بلنگ کا پورا عمل “پہلے آئیں، پہلے پائیں” کے اصول پر ہوگا اور جیسے ہی عازمین کی مقررہ تعداد مکمل ہوگی، یہ سلسلہ روک دیا جائے گا، حج 2027ء کے لیے عازمین کی یہ ابتدائی رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہوگی اور اس کا کوئی چارج نہیں لیا جائے گا، حج پالیسی 2027ء کے تحت کل اخراجات، پیکیجز اور دیگر تمام شرائط و ضوابط کا اعلان بعد میں الگ سے کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *