ڈیرہ غازی خان بیوروچیف چوھدری احمد بیوروچیف ڈیلی جستجو کی رپورٹ )
آلٹرنیٹو ریسرچ انیشی ایٹو(اے آر آئی)اور اس کی ممبر تنظیم الایمان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تمباکو نوشی ترک کرنے کی سستی اور مؤثر سہولیات کی بالغ سگریٹ نوشوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے جب کہ تمباکو کے نقصانات میں کمی (ٹوبیکو ہارم ریڈکشن ) کے تصور کو تمباکونوشی کے خاتمے کی کوششوںکا حصہ بنایا جائے تاکہ پاکستان کو تمباکو سے پاک ملک بنایا جاسکے۔الایمان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے پروگرام منیجر سید اسد آصف نقوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ یہ دونوں اقدامات پاکستان میں تمباکو نوشی کی شرح میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا”بالغ سگریٹ نوش تمباکونوشی کے نقصانات سے آگاہ ہیں اوروہ اسے ترک کرنا چاہتے ہیںمگر انہیں اپنی اس کوشش کو کامیاب بنانے کےلیے کوئی مدد حاصل نہیں ہے۔”
گلوبل ایڈلٹ ٹوبیکو سروے 2024 کے مطابق ،پاکستان نے عالمی ادارۂ صحت کے فریم ورک کنونشن آن ٹوبیکو کنٹرول (ایف سی ٹی سی) کے تحت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی غرض سے انسداد تمباکونوشی کےلیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں ۔ ان اقدامات کے نتیجے میں 2014 سے 2024 کے دوران ملک میں تمباکو کے استعمال میں 15.7 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔ اس رپورٹ میں مگر یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس پیش رفت کے باوجود پاکستان کی 15 سال اور اس سے زائد عمر کی آبادی کا 16.1 فیصد اب بھی تمباکو کی مختلف مصنوعات استعمال کرتا ہے۔ دوسرے الفاظ میں اس کا مطلب یہ ہے کہ ملک میں 2 کروڑ 20 لاکھ افراد تمباکو استعمال کرتے ہیں جن میں ایک کروڑ40 لاکھ سگریٹ نوش ہیں۔
سیدسبطین حیدر کہا کہ تمباکو نوشی پر قابو پانے کی موجودہ کوششوں کا دائرہ وسیع کرکے ان میں سائنسی تحقیق کے مطابق جد ید اور مؤثر طریقوں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول، دنیا بھر سے سامنے آنے والے نئے شواہد ٹوبیکو ہارم ریڈکشن کے مؤثر ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2024میں پاکستان میں تقریباً 94 ارب 32 کروڑ 80 لاکھ سگریٹ تیار کیے گئے۔ دوسرے الفاظ میں، یہ ہر تمباکو نوش کے حصے میں سالانہ اوسطاً 6738 سگریٹ اور 337 پیکٹ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہیہ اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ بیماریوں کے بوجھ کی بنیادی وجہ اب بھی تمباکونوشی ہےاور اس عادت سے چھٹکاراحاصل کرنے میں بالغ تمباکو نوشو ں کو فوری مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
ٹوبیکو ہارم ریڈکشن کے تحت متعارف ہونے والی کم نقصان دہ متبادل مصنوعات تمباکونوشی ترک کرنے میں کارآمد ہیں۔ یہ خصوصی طور پران تمباکو نوشوں کے لیے ایک قابلِ عمل اور بہتر متبادل ثابت ہو سکتی ہیں جو سگریٹ نوشی ترک کرنے پر آمادہ نہیں ہیں یا وہ ایسا کرنے سے قاصر ہیں۔ اگرچہ یہ مصنوعات مکمل طور پر محفوظ نہیں ہیں مگر یہ سگریٹ نوشی کے مقابلے میں انتہائی کم نقصان دہ ہیں اور یہ تمباکو کے استعمال سے صحت کو پہنچنے والے نقصانات میں کمی لانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔اگر تمباکو نوشی میں کمی لانے کی ایک جامع حکمتِ عملی کے تحت ان متبادل مصنوعات کو متعارف کرایا جائے تو یہ قدم تمباکونوشی کے خاتمے میں پاکستان کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔عرفان اللہ لاشاری نے کہا کہ تمباکونوشی ترک کرنے میں مؤثر اور ارزاں خدمات و سہولیات کی آسان فراہمی کے ساتھ اس حکمت عملی کو تقویت دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی ترک کرنے کےلیےمؤثر سہولیات کو فروغ دینے سے لاکھوں تمباکو نوش صحت کےلیے بہتر انتخاب کرسکیں گے۔


