( ڈیرہ غازی خان چوھدری احمد سے ) ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کے گنجان آباد علاقوں، موضع گدائی شمالی اور موضع قصبہ ڈیرہ کے رہائشیوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آن لائن پٹوار سسٹم کی ناکامی اور سب رجسٹرار کی مستقل تعیناتی نہ ہونے کے خلاف فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
آن لائن سسٹم عوامی عذاب بن گیا
مقامی شہریوں اور معززینِ علاقہ نے ایک تحریری درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں پٹواریوں کو آن لائن کام سونپ دیا گیا ہے، لیکن عملہ خود اس سے ناواقف ہے۔ اس صورتحال میں پرائیویٹ افراد کو کام پر رکھا گیا ہے جن کی غلطیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ سست روی اور تکنیکی پیچیدگیوں کی وجہ سے عوامی معاملات “کچھوے کی چال” کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں۔
مستقل سب رجسٹرار کی تعیناتی کا مطالبہ
اہلیانِ علاقہ کا کہنا ہے کہ تحصیل ڈیرہ غازی خان میں مستقل سب رجسٹرار موجود نہیں ہے، بلکہ تحصیلدار صاحب کے پاس اضافی چارج ہے۔ اپنی انتظامی مصروفیات کی وجہ سے وہ سائلین کو وقت نہیں دے پاتے، جس سے رجسٹری اور دیگر دفتری امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
علاقے کے معززین اور شہریوں، جن میں مناظر نصاریٰ ایڈووکیٹ، عبدالرحمن، مظہر عباس، محمد جمیل اور دیگر شامل ہیں، نے مطالبہ کیا ہے کہ:
موضع گدائی شمالی اور قصبہ ڈیرہ کو آن لائن سسٹم سے نکال کر دوبارہ مینول (Manual) نظام پر منتقل کیا جائے۔
تحصیل ڈیرہ غازی خان میں فی الفور ایک مستقل سب رجسٹرار تعینات کیا جائے تاکہ عوام کو دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانے پڑیں۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے پرزور اپیل کی ہے کہ ان کے ان جائز مسائل کو حل کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔