​بصیرت، دیانت اور عوامی خدمت کا استعارہ:ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد

​( تحریر: چوہدری احمد ڈیرہ غازی خان سے )

​جہاں قیادت اخلاص سے جڑی ہو، وہاں ترقی خود راستہ بنا لیتی ہے۔ یہ جملہ آج کے ڈیرہ غازی خان کی انتظامی صورتحال پر صادق آتا ہے۔ ڈیرہ غازی خان جغرافیائی طور پر محض ایک ضلع نہیں بلکہ تین صوبوں کا سنگم اور ایک حساس ترین خطہ ہے، جہاں گورننس کا پہیہ چلانا کسی کٹھن آزمائش سے کم نہیں۔ سرحدوں کی نگرانی، سمگلنگ کی روک تھام اور پیچیدہ سماجی ڈھانچے کے بیچ اگر کوئی افسر نظام کو آئیڈیل بنا دے، تو وہ بلاشبہ تحسین کا مستحق ہے۔

​ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد آج ڈیرہ غازی خان میں صرف ایک عہدے کا نام نہیں بلکہ شفافیت اور عوامی اعتماد کی علامت بن چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں اس ضلع نے پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ فریم ورک میں پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ بظاہر یہ ایک نمبر ہے، لیکن زمینی حقائق، سرحدی دباؤ اور انتظامی چیلنجز کو سامنے رکھا جائے تو ڈیرہ غازی خان کی یہ کارکردگی پنجاب کے کسی بھی ضلع سے اول درجے پر نظر آتی ہے۔

​فیلڈ بیسڈ اپروچ اور عوامی رابطہ
​محمد عثمان خالد ان افسران میں سے نہیں جو ایئر کنڈیشنڈ دفاتر تک محدود رہیں۔ ان کی پہچان ان کی “فیلڈ اپروچ” ہے۔ وہ ہسپتالوں کے اچانک دوروں، بازاروں میں نرخوں کی نگرانی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے خود میدان میں موجود نظر آتے ہیں۔ ان کی “اوپن ڈور پالیسی” نے عوام اور انتظامیہ کے درمیان حائل خلیج کو کم کیا ہے۔ تاہم، عوامی حلقوں کی یہ خواہش اور وقت کی ضرورت ہے کہ ان کی جانب سے دیہات اور دور دراز مضافاتی علاقوں میں بھی باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے، تاکہ وہ غریب طبقہ جو شہر تک رسائی نہیں رکھتا، اس کی دہلیز پر مسائل حل ہو سکیں

​رمضان المبارک کے دوران “نگہبان رمضان پیکج” کی شفاف تقسیم ہو یا “مریم کے مہمان” دسترخوان، محمد عثمان خالد نے ثابت کیا کہ حکمرانی کا اصل حسن انسانیت کی خدمت میں ہے۔ عید کے ایام میں دارالامان کے بے سہارا مکینوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنا ان کے حساس دل کا ثبوت ہے۔

​قانون کی حکمرانی اور ریاست کی رٹ
​بطور کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس، انہوں نے سمگلنگ کے خلاف جو تاریخی معرکے سر انجام دیے، وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ کروڑوں روپے کی چاندی اور منشیات کی برآمدگی ظاہر کرتی ہے کہ انہوں نے ریاستی رٹ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ اسی طرح ذخیرہ اندوزوں اور غیر قانونی کلینکس کے خلاف ان کا کریک ڈاؤن شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت بن چکا ہے۔

​ترقیاتی وژن اور شہری خوبصورتی
​سیوریج کے دیرینہ مسائل کا حل ہو، فلٹریشن پلانٹس کی بحالی یا سڑکوں کی بیوٹیفیکیشن، محمد عثمان خالد ایک جدید ڈیرہ غازی خان کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ ٹریفک مینجمنٹ اور تجاوزات کے خاتمے سے شہر کے نظم و ضبط میں نمایاں تبدیلی آئی ہے جو ایک باشعور قیادت کی عکاسی کرتی ہے۔

​محمد عثمان خالد کی شخصیت دیانت، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا ایک نایاب امتزاج ہے۔ انہوں نے ثابت کیا ہے کہ اگر نیت صاف ہو تو مشکل ترین حالات میں بھی تاریخ رقم کی جا سکتی ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے عوام انہیں ایک “عوامی افسر” کے طور پر دیکھتے ہیں جس نے بیوروکریسی کے روایتی جمود کو توڑ کر خدمت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔

​اللہ تعالیٰ انہیں مزید ہمت اور کامیابی عطا فرمائے تاکہ وہ اسی طرح دکھی انسانیت کی خدمت اور علاقے کی ترقی میں اپنا نقش چھوڑتے رہیں۔ آمین۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *