سکیورٹی، رہائش اور سہولیات کے خصوصی پلان کی منظوری، دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی بھرپور میزبانی کا عزم
لاہور (محمد منصور ممتاز)
327ویں عالمی وساکھی فیسٹیول کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے، جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے فیسٹیول انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وساکھی میلہ 10 سے 19 اپریل تک جاری رہے گا، جس میں تقریباً 20 ہزار مقامی، 3 ہزار بھارتی اور 3 ہزار دیگر ممالک سے آنے والے سکھ یاتری لاہور، ننکانہ صاحب، حسن ابدال، ایمن آباد، فاروق آباد اور کرتارپور نارووال کا دورہ کریں گے۔
اجلاس میں سکیورٹی، رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کے حوالے سے جامع اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب نے فیسٹیول کے لیے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور بیرونِ ملک سے آنے والے مہمانوں کی روایات کے مطابق بھرپور میزبانی کی جائے گی۔ انہوں نے یاتریوں کی حفاظت اور آرام دہ قیام کے لیے خصوصی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور ٹرانسپورٹ کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیا۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وساکھی ایک عالمی فیسٹیول ہے جس میں غیر ملکی سفارتکار بھی شرکت کریں گے، اس لیے بہترین ٹیم ورک کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ یاتریوں کے مذہبی تقاضوں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
اجلاس میں سینئر سٹیزن کاؤنٹرز، اضافی واش رومز، ہیوی جنریٹرز، ایف آئی اے کے مزید کاؤنٹرز، وسیع لنگر، میڈیکل سہولیات اور ایمبولینسز کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ یاتریوں کی سہولت کے لیے لگژری بسیں، ایئرکنڈیشنڈ مارکیز اور معیاری کرنسی ایکسچینج ڈیلرز کی دستیابی پر بھی زور دیا گیا۔
لیسکو کو فیسٹیول کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے جبکہ تمام متعلقہ محکموں میں مؤثر کوآرڈینیشن کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی۔
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کے پیش نظر یاتریوں کے لیے رہائش، خوراک اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس میں مختلف محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی جبکہ تمام کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔