محرم الحرام کے انتظامات، زائرینِ کربلا کے مسائل اور شہداء کے وکیل ایڈووکیٹ مظہر حسین منگریو کی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس و پریس کانفرنس

جیکب آباد۔ پریس کانفرنس

تاریخ: 7 جون 2026

جیکب آباد (نامه نگار)محرم الحرام کے انتظامات، زائرینِ کربلا کے مسائل اور شہداء کے وکیل ایڈووکیٹ مظہر حسین منگریو کی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس و پریس کانفرنس

مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ماہِ محرم الحرام کے انتظامات، زائرینِ کربلائے معلیٰ کو درپیش مشکلات، ملک کی موجودہ صورتحال اور شکارپور سانحہ کے مقدمات کے وکیل ایڈووکیٹ مظہر حسین منگریو کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی مولانا منور حسین ساجدی، مجلس علماء مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، مجلس وحدت مسلمین جیکب آباد کے ضلعی صدر نظیر حسین جعفری، ضلعی نائب صدر سید اصغر علی شاہ، ایم ڈبلیو ایم سٹی صدر عمران علی حیدری، صوبائی مشیر ایم ڈبلیو ایم سندھ سید کامران علی شاہ بخاری، حاجی غلام رسول سونارو، زوار علی شیر لغاری، مولانا ارشاد علی سولنگی اور دیگر مذہبی، سماجی و سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ زائرینِ امام حسین علیہ السلام کے زمینی راستوں کی بندش کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ زیارت کے سفر کو محفوظ، آسان اور پُرامن بنائے۔ غریب زائرین ہوائی سفر کے بھاری اخراجات برداشت نہیں کر سکتے جبکہ حکومت کی جانب سے زمینی راستوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے وعدے تاحال پورے نہیں کیے گئے۔ گزشتہ ایک سال سے بائی روڈ سفر کی بندش کے باعث لاکھوں عاشقانِ اہل بیتؑ زیارتِ کربلا سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی و قوم پرست جماعتوں اور عوام نے متعدد مرتبہ واضح کیا ہے کہ انہیں زائرین کی آمدورفت پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ گزشتہ سال بلوچستان نیشنل پارٹی کی قیادت نے زائرین مارچ کے استقبال کا بھی اعلان کیا تھا۔ انہوں نے ملک بھر میں زائرین اور قافلہ سالاروں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ہر سطح پر زائرین کے جائز مطالبات کی حمایت جاری رکھے گی۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے محرم الحرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی انسانیت کے لیے حق، عدل، آزادی اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا ابدی پیغام ہے۔ عزاداریِ امام حسینؑ شعائرِ الٰہی کا مظہر اور ہمارا آئینی و مذہبی حق ہے۔ مجالس عزا، جلوس ہائے عزاداری، سبیلیں اور دیگر دینی اجتماعات عظیم عبادات ہیں جن کے انعقاد میں کسی قسم کی رکاوٹ قابلِ قبول نہیں۔

انہوں نے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ محرم الحرام کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں، عزاداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے اور جلوسوں و مجالس کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے شکارپور سانحہ کے مقدمات کے وکیل ایڈووکیٹ مظہر حسین منگریو کی سیکیورٹی کے مسئلے کو بھی انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کے حساس مقدمات بڑی جرات اور استقامت کے ساتھ لڑ رہے ہیں اور انہیں مسلسل سنگین دھمکیوں کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود سندھ پولیس، ایس ایس پی شکارپور، ڈپٹی کمشنر شکارپور، ڈی آئی جی لاڑکانہ اور کمشنر لاڑکانہ ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایڈووکیٹ مظہر حسین منگریو کو عدالتوں میں پیشیوں کے دوران مکمل پولیس اسکواڈ اور مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے، بصورتِ دیگر سندھ بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

آخر میں انہوں نے مومنین، عزاداروں، مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان اور شہداء کے ورثاء سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران اتحاد، نظم و ضبط، اخوت اور اخلاقِ حسینی کا عملی مظاہرہ کریں، نماز باجماعت اور بالخصوص یوم عاشور کی نماز کا اہتمام کریں اور عزاداری کے تمام پروگراموں میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے مظلومین اور شہداء کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔

جاری کردہ:
مجلس وحدت مسلمین سندھ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *