بکی کس کی عصمت لٹی کس کی دنیا

عالمی استعماری نظام جمہوریت،جواصل میں استبدادکی ایسی شکل ہے جسے مجبوراپنی مرضی سے چنتے ہیں،جیسے ایک مقولہ ہے ”سوگنڈے یاسوجوتے“توکسی مجبور کو جب گنڈے کھانے مشکل ہوے تواسنے جوتوں کی مار قبول کرلی اورجب وہ جوتے برداشت نہ کرسکا تو اس نے پھرگنڈے کھانے شروع کردئیے،اسی طرح کرتے کرتے اس نے سوگنڈے بھی کھالیے اورسوجوتے بھی،یہ جمہوریت کا عملی نمونہ ہے۔ عوام اپنی مرضی سے اپنے حکمران چنتی ہے،لیکن حکمران اپنی مرضی سے حکومت نہیں کرسکتے،کہ جمہوریت کبھی بھی کسی ایک فردکی مرضی نہیں چلنے دیتی،اوراس میں ہرممبرشریکِ اقتدار ہوتا ہے،اورہر بندے کا اپنا شعور اوراپنا مفاد ہوتا ہے،اہلِ جمہور نے اس وجہ سے پارٹیوں کی ڈکٹیٹر شپ کا قانون بنایا کہ کوئی ممبربھی پارٹی پالیسی کے بغیراقتدارکے اندر کوئی سوچ وفکرنہیں اپنا سکتا،لہذاب مختلف شعور ومفاد لوگوں نے پارٹی پالیسی کے تحت رہنے کے لیے پارٹی سے اپنے مفاد کی قیمت وصول کرنا شروع کردی،اب کوئی ممبر بھی ملکی مفاد کواپنے مفاد سے مشروط قرار دیتا ہے،ظاہری طور پر حکمران پارٹی کا ڈکٹیٹر نظر آتا ہے لیکن اصل میں وہ ہرممبر کے آگے مجبورہوتا ہے،چونکہ پاکستان میں جمہوریت ووٹ کے تابع ہے،اورووٹ علاقائی،برادری،جاگیرداری،سرمایہ داری کے تابع ہے، جوان میں سے کسی حوالے سے بھی ایک بار الیکشن میں حصہ لے لیتا ہے اورکامیاب ہوجاتا ہے،وہ الیکٹیبل ہوجاتا ہے،اگر کسی پارٹی سے اسے مفاد نہ ملے تووہ اس پارٹی کو چھوڑ کرکسی دوسری پارٹی میں چلا جاتا ہے،اوراس کے ووٹربھی اسی کے ساتھ اگلی پارٹی میں پہنچ جاتے ہیں،بنابریں پارٹیاں موروثی ہوجاتی ہیں،یاایک فرم بن جاتی ہے،جواس میں آناچاہتا ہے،اسے بھی پارٹی کی مروجہ فیس دینا پڑتی ہے،اورپارٹی کوبھی اس کے خاص آفر دینا ہوتی ہے،کہ ممبر بننے کے بعد وزارت ملے گی،یعنی ممبر زیادہ ہوں گے توپارٹی سربراہ وزیرِ اعظم بنے گا،وزیرِ اعظم ہوگا تواپنی مرضی کے وزیر بنائے گا،اسے کہتے ہیں ”گروچیلالالچی تے کھیڈن داودا“۔اب جن لوگوں کو داوپرلگاکر یہ کھیل کھیلا جاتا ہے،وہ بھی حسبِ حیثیت اس گنگا سے فیض یاب ہوتے ہیں،لیکن جب مفادات کا کھیل ہی ہوتو ہمیشہ کمزورہی گھاٹے میں رہتا ہے،جوجمہوریت کے کھیل میں عوام ہوتے ہیں، اورجمہوریت کے استبدادمیں پھر عوام مہنگائی،بے روزگاری،کی چکی میں ایسے پستے ہیں کہ کسی ڈٖکٹیٹر کے دورمیں بھی ایسانہیں ہوتا،اورپھرعوام آہ وبکا کرنے لگتے ہیں،احتجاج ہوتے ہیں،جلاووگھیراوہوتا ہے،غریب مرتے ہیں،اورپھر چند نئے داداگیر قیادت بن جاتے ہیں،اورجمہوریت سے ڈائیلاگ کی راہ اپناتے ہیں،توپنجابی کی ایک مثال ہے ”منصفاں دی منصفی منظورتے پرنالے اسی جگہ“یعنی خونِ غریباں سے کچھ نئے سرمایہ دار جاگیردارجمہوری قیادت بنا لیتے ہیں،اسے کہتے ”جس روزشہرمیں قتل ہواتو عید منائی لوگوں نے“۔میں کسی ٖڈکٹیٹر شپ کے حق میں نہیں ہوں،چونکہ پاکستان کی ڈکٹیٹر شپ بھی پاکستان کے بجائے عالمی مفادمیں زیادہ ہوتی ہے،لیکن جمہوریت بھی عالمی مفاد ہی کے لیے دن رات کوشاں رہتی ہے،کہ ان کے خیال میں ہے کہ دنیا خوش توقوم خوش،چونکہ اس قوم نے بھی دنیا کی غلامی میں صدیاں گزاری ہیں،لہذاوہ لذتِ اطاعت خودی میں کہاں،علامہ اقبال خودی،خودی کرتے مرگئے،لیکن اس قوم کی خودی نہ زندہ ہوئی،پھر عالمی غاصبوں نے اس قوم کو اپنی محبت میں ایسا وارفتہ کردیا ہواہے،کہ اس قوم نے تمام تعلیم وتہذیب ان اپنے ناخداوں کی اپنا کراپنا حقِ وفا ادا کردیا،اورجو تعلیم وتہذیب ان غاصبوں نے ان اپنے غلاموں کے لیے ایجاد کی تھی،وہ اسی رہگزر کو آج بھی چاٹ رہے ہیں،حالانکہ وہ اس رہگزر کو چھوڑ کرکہیں اور نکل گئے ہیں،اگرہم ان کی اتباع ہی کرتے توہمیں بھی اس رہگزر سے ان کے پیچھے آزاد انسانیت کے راستے پرنکلنا چاہیے تھا،لیکن ہم ان کی چکا چوندیوں سے اس قدرنابیناہوگئے،اب اگرکوئی ہمارا ہاتھ نہ تھامے توہم ایک قدم بھی نہیں چل سکتے،اسی لیے ہماری جمہوریت استبدادہے،اورہماری عوامی فلاح وبہبود کے سارے کام انگریزوں کے کاروبارکے لیے ہی ہوتے ہیں،کہ ہم نے اس بات پر یقین کرلیا ہے کہ،ہم نہ خود سوچ سکتے ہیں نہ کچھ کرسکتے ہیں،لہذاجو سوچنا ہے اس کے لیے انگریزوں کی دی ہوئی گائیڈ لائن ہونی چاہیے،اور جو کرنا ہے،اس کے لیے انگریزوں کی نگرانی ہونی چاہیے،ہم اپنی معیشت کے منصوبے آئی ایم ایف سے بنواتے ہیں،اورپھر ان کاموں کے لیے اس سے قرضہ لیتے ہیں،ہمارے پاس چنددنوں کی حکمرانی جو ہم نے اپنی قوم سے داوکھیل کر حاصل کی ہوتی ہے،اس کاا صل فایدہ ہم انگریزوں کو پہنچاتے ہیں،لیکن شاید اس فریب میں مبتلا ہیں کہ اپنی قوم کو ترقی کی راہ پرچلارہے ہیں،حالانکہ ترقی اس کو کہتے ہیں جو قوم اپنے قدوں پرکھڑے ہوکرکرے،اورجوقرضے لے کر معیارِ زندگی بڑھایا جائے،وہ ترقی نہیں،تنزلی ہوتی ہے،کہ وسائل کوئی نہیں اورمسائل بڑھائے جارہے ہیں،یعنی جب قرضہ بڑھے گا تو قوم مسائل کا شکار ہوگی،جس طرح آج پاکستان کے عوام ہیں کہ جواپنے وسائل کو قرضوں کی مدمیں کوڑیوں کے بھاو عالمی منڈی میں دے رہے ہیں،ڈالر کاوہ کاغذ جو اپنے ملکوں میں بے وقعت ہوچکا ہے،وہ پاکستانیوں کے لیے اتنا بوجھ بن چکا ہے کہ غریب کی کمر ٹوٹ رہی ہے،لیکن کسی حکمران وصاحبِ اختیارکو اسکا احساس تک نہیں،کیونکہ وہ تواس سے فایدہ حاصل کررہے ہیں۔آج ہمارے حکمران عوام کے لیے جو بھی بہتری اوربھلائی کے کام کررہے ہیں،یہ سارے عوام کے لیے ایک گنا وقتی فایدہ ہیں اور عالمی سرمایہ داروں کے لیے دوگنا مستقل فائدہ ہیں،کہتے ہیں کوئی غریب کسی چمتکار فقیر کے پاس گیا اور اس سے عرض کیا کہ بہت غریب ہوں کوئی ایسی چیزبخش دیں جس سے میں کہوں تو غیبی طور پر میرا کام ہوجایاکرے،اس نے کہا چیزتو میں دے دوں گا لیکن اس کی ایک شرط ہوگی کہ اس سے جو کام تم چاہوگے وہ تمہارا ایک ہوگا اورتمہارے پڑوسی کے دوہواکریں گے،اس نے کہا ٹھیک ہے تواس نے اسے کوئی چیزدی کہ اسے رات کو جو بات کہوگئے وہ صبح کو تمہیں مل جائے گی،غریب آدمی تھا اس نے رات کو کہا مجھے سونے کہ ہنڈیا بھری ہوئی مل جائے صبح اس کے سرہانے ایک ہنڈیا سونے سے بھری پڑی تھی،لیکن اس کے پڑوسی کو صبح دوہنڈیا سونے سے بھری مل گئیں،البتہ وہ پاکستانیوں سے کچھ زیادہ سیانا تھا،اسنے دوسرے دن رات کوکہا کہ میرے گھرمیں ایک کنواں پانی کا نکلا ہو،تو صبح اس کاایک کنواں تھا،اورپڑوسی کے دوکنویں،تواس نے اگلی رات کہا آج رات میری ایک آنکھ نکل جائے،صبح وہ کانا تھا اور پڑوسی اندھا ہوچکا تھا،اب اس نے انتظارکیا جب وہ پڑوسی صحن میں باہرنکلا تووہ کنویں میں گرگیا،اب وہ اس کنویں پرگیا اورکہنے لگا،مفت مں تم نے بڑے مزے کیے آنکھ تو میری بھی ایک گئی لیکن تم نے بھی مفت میں موجیں نہ ماریں۔ لیکن میرے ملک کے حکمرانوں کو imf چمتکاری سے صرف قرضے لینے اوریورپ والوں کی تجارت کو بڑھانا ہی آتا ہے،خود محلوں میں موجیں مارنی ہیں اور عوام کو قرضے کے کنویں مٰ ہی گرانا ہے،ساغرصدیقی نے کہا تھا،”بکی کس کی عصمت لٹی کس کی دنیا،تمہیں کیا تم اپنی دکانیں چلاو“اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم پر رحم اورفضل فرمائے آمین،وماعلی الاالبلاغ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *