ٹھٹھہ: بیروچیف ایم اعجازچانڈیو مھرانوی
ڈپٹی کمشنر سرمد علی نے سول اسپتال مکلی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی، وارڈز اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور ایمرجنسی سروسز کا بغور جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ مریضوں کو بہتر، معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ سول اسپتال میں ادویات کی مکمل دستیابی ہر صورت یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا تاکہ عوام کو بلاوجہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور ایمرجنسی سروسز کو مؤثر انداز میں فعال رکھنے پر زور دیا اور ہدایت کی کہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔
دورے کے دوران مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات بھی کی گئی، جہاں مریضوں نے سول اسپتال مکلی میں دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کہا گیا کہ عوام کو بہتر اور معیاری صحت سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔